قیمتی وسائل کرپشن اور تعیش کی نظر ہوتے دیکھ کر دل کڑھتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

ظلم اور استحصال کیخلاف جاری جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا ؤں گا، نوجوان امن کے سفیر بنیں
قائد عوامی تحریک کی طرف سے پی ایچ ڈی کرنے پر دو اساتذہ کیلئے ایک ایک لاکھ کا انعام
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلبا و طالبات اور اساتذہ کی تربیتی نشست سے خطاب

لاہور (31 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مختلف کالجز کے طلبہ و اساتذہ کی خصوصی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں جب امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کے وسائل، تعیش اور کرپشن کی نظر ہوتے دیکھتا ہوں تو میرا دل کڑھتا ہے۔ نوجوانوں کوجدید علم سے محروم رکھنے والے ملک و قوم کے ساتھ ساتھ اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مجرم ہیں۔ عوام کے وسائل عوام کو علم دینے اور انکے سماجی بنیادی مسائل کے حل پر خرچ ہونے چاہےئیں، یہ اسی وقت ممکن ہے جب آئینی اور قانونی ایوان کرپشن اور کرپٹ عناصر سے پاک ہوں گے۔ ، ظلم اور استحصال کیخلاف جاری آئینی، سیاسی، قانونی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لوں گا، نوجوان امن کے سفیر بنیں۔

انہوں نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلباء و طالبات کے تربیتی سیشن سے خطاب میں کہا کہ اسلام تحصیل علم، تحریک علم، اور خدمت علم کا نام ہے۔ نوجوان اپنے مطالعہ اور فکر میں فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کے مضمون کو شامل کریں، فکری و نظریاتی انتہا پسندی معتدل معاشرے کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حکمرانوں کی ترجیحات، زمینی حقائق اور عوامی خواہشات میں مطابقت نہ ہونے کی وجہ سے انتشار اور تشدد فروغ پذیر ہے۔ اس موقع پر منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر خان محمد، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی اور ڈاکٹر شبیر احمد جامی کو پی ایچ ڈی کرنے پر ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا۔

انہوں نے تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دین اسلام نے ہر انسان کیلئے یکساں حقوق متعین کئے ہیں اسلام کی نظر میں ہر ذی روح برابر ہے مگر عالم اور جاہل کو برابر کھڑا نہیں کیا گیا، عالم کو جاہل پر فوقیت دی گئی ہے۔ انہوں نے تربیتی نشست میں شریک سینکڑوں طلباء و طالبات سے کہاکہ وہ علم کے حصول پر توجہ دیں یہی قرآن اور پیغمبر اسلام کا حکم ہے، انہوں نے کہاکہ نوجوان پاکستان کی امید ہیں اور نوجوان انتہا پسندی اور تنگ نظری سے دور رہیں، اللہ کیلئے علم حاصل کرو اور اللہ کیلئے اسے خرچ کرو، دنیا میں ضرور رہو مگر دنیا تم میں نہ رہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کہاکہ اگر مال اور دنیا مجھے عزیز ہوتی تو میں اپنے دشمن کو مچھر کے برابر بھی نہ ملنے دیتا، انہوں نے کہا کہ مال اور دنیا پر اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی فخر نہیں کیا، نوجوان دین، ایمان، کردار اور اعمال صالح کو اپنی طاقت بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top