متاثرین سیلاب مشکل کی گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 05 اگست 2015ء

منہاج ویلفیئر نے 15 سو متاثرہ خاندانوں تک خوراک بھجوانے کے انتظامات مکمل کر لیے
چیئرمین سپریم کونسل کی زیر صدارت اجلاس، سیلاب کی تباہی اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

لاہور (5 اگست 2015) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب مشکل کی گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ منہاج ویلفیئر نے متاثرہ خاندانوں تک خوراک کے ٹرک بھجوانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اجلاس میں سیلاب کی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹری منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور ایم ایس ایم، یوتھ ونگ، ویمن لیگ کی صدور سمیت نائب ناظمین اعلیٰ نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس پاکستان بالخصوص پنجاب میں حکومتی کوتاہی اور غفلت کے باعث ہر سال سیلاب آتے ہیں اور ہر سال حکمران فول پروف حفاظتی اقدامات کرنے کے وعدے کرتے ہیں مگر ہر سال یہ وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں اور ہزاروں، لاکھوں خاندان اپنے مال اسباب سمیت سیلاب کی بے رحم موجوں میں بہہ جاتے ہیں اور پھر حکمران ہیلی کاپٹرز پر بیٹھ کر تباہ حال کاشتکاروں کی بے بسی کا نظارہ کرتے ہیں اور انہیں امداد کے نام پر چند ہزار روپے دیکر ان کی بے بسی کا مذاق اڑاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت کے 7 سالوں میں کم و بیش 7 بار سیلاب آیا اور ہر بار وعدوں کے لالی پوپ دئیے گئے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ 2010 میں آنے والے سیلاب پر بننے والے جسٹس منصور علی شاہ کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد ہو جاتا تو کم از کم جنوبی پنجاب کے عوام کو ہر سال ہونیوالی سیلاب کی تباہی سے بچایا جا سکتا تھا مگر جوڈیشل کمیشن قائم کرنا اور پھر ان کی رپورٹوں کو غائب کر دینا پنجاب کے حکمرانوں نے وطیرہ بنا لیا ہے۔ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1500 خاندانوں کیلئے خوراک کے 3 ٹرک تیار کر لیے گئے ہیں جو آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں بھجوا دئیے جائینگے اور خوراک تقسیم کرنے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top