عوامی تحریک کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھر پور شرکت

مورخہ: 05 اگست 2015ء

60 شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند کئے، ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ
تاجروں کے چندے پر سیاست کرنے والی ن لیگ تاجروں کو آنکھیں دکھا رہی ہے
عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال کی کامیاب ہڑتال پر تاجربرادری کو مبارکباد

لاہور (5 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے تاجر ونگ عوامی تاجر اتحاد نے تاجر برادری کی طرف سے شٹر ڈاؤن ہڑتال میں بھر پور حصہ لیااور 60شہروں میں اپنی دکانیں اور کاروباری مراکز بند رکھے۔ عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کامیاب ہڑتال کرنے پر تاجروں کو مبارکباد دی اور عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنما حاجی اسحق، الطاف رندھاوا، شیخ آفتاب، حافظ غلام فرید، میاں محبوب، شہزاد رسول و دیگر نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے چندے پر سیاست کرنے والی ن لیگ تاجروں کو بھی آنکھیں دکھا رہی ہے کیونکہ یہ لوگ کسی کے وفادار نہیں ہیں اب تاجر بھی ن لیگ کو اقتدار سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بے دخل کرنے کا فیصلہ کریں۔ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، پاکستان عوامی تحریک ود ہولڈنگ ٹیکس کی بھر پور مخالفت کرتی ہے۔ تاجر برادری کے مطالبات تسلیم نہ کئے جانے پر ملک گیر ہڑتال میں عملی شرکت کی، بشارت جسپال نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی ڈبل ٹیکس دینے پر مجبور ہے۔ حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار ختم ہوتے جا رہے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ ود ہولڈنگ ٹیکس فوری واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے، ملک حالت جنگ میں ہے ایسے حالات میں تاجروں سے محاذ آرائی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کے سوا کچھ نہیں۔ بہتر ہو گا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے تاجر برادری پر ظلم کرنے کی بجائے کوئی اور موثر طریقہ اختیار کرے، ود ہولڈنگ ٹیکس کے ایشو پر حکومت نے جو طریقہ کار اختیار کیا ہے اس سے تاجر برادری اور پاکستان عوامی تحریک اختلاف کرتے ہیں۔ حکمران اس مسئلے کا فوری اور سنجیدہ حل تلاش کریں، ورنہ ہڑتالوں اور مظاہروں کا یہ سلسلہ وسیع ہوتا جائے گا اور پاکستان عوامی تحریک تاجر برادری کے جائز مطالبات کی عملی حمایت کرتی رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top