اسلامی ریاست میں ہر شہری کو حاکم وقت کے احتساب کا حق حاصل ہے: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 07 اگست 2015ء

رزق حلال کمانے اور کھانے والے کو ہی قوم کی امامت کا ہے، جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب
عوام محتسب نہیں بنیں گے تو بے ایمان قیادت کا غلبہ رہے گا، اسلام صرف مذہب نہیں مکمل ضابطہ حیات ہے
نماز جمعہ کے بعد متاثرین سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی

لاہور (7 اگست 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ ایماندار حکمران اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے نزول کا سبب بنتے ہیں۔ اسلامی ریاست میں ہر شہری کو حاکم وقت کے احتساب کا حق حاصل ہے۔ رزق حلال کمانے اور کھانے والا ہی قوم کی امامت کا حق رکھتاہے۔ عوام محتسب نہیں بنیں گے تو بے ایمان قیادت مسلط رہے گی۔ عوام اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور انہیں پورا کریں۔ قیامت کے دن سوال کیا جائے گا کہ جب ظلم ہو رہا تھا تو آپ خاموش کیوں تھے؟ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ امام اور قائد کی صورت میں سامنے آتے ہیں عوام کو یہ جاننا چاہیے کہ ان کا ذریعہ معاش کیا ہے؟ وہ رزق حلال کما رہے ہیں یا نہیں۔ عوام نے دین اسلام کے عطاء کردہ اس شرعی حق اور ذمہ داری کو پورا نہیں کیااور ردعمل کے طور پر آج بے ایمان قیادت کا غلبہ ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف ہر ایک کیلئے یکساں ہو تو لاتعداد سماجی برائیوں سے قوم کی جان چھوٹ سکتی ہے۔ طبقاتی نظام تعلیم، طبقاتی نظام عدل اور نے قوم کو کرپشن اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آج بھی اگر ظالم نظام کو مصطفوی انقلاب سے بدل دیا جائے تو عوام کی محرومی اور مایوسی ختم ہو جائے گی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو جو حقوق عطاء کر دئیے ہیں اس کی نظیر 14سو سالوں کی تاریخ میں نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی کوئی قیامت تک دے سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دیکر اس کی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی اس لیے ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے دین کی زریں اقدار کو فراموش کر دیا ہے۔ انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں۔ اسلام نے جو حقوق عطاء کر دئیے ہیں وہ قیامت تک بنی نوع انسان کی ضروریات کو پورا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے مقتدر طبقہ کو یہ سمجھنا ہو گا کہ اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ اسلامی معاشرے کو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچا لیتی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم خواہ قانون سے کتنا ہی بھاگیں اللہ کی صفت عدل کے تحت قانون قصاص کیلئے انہیں اپنے آپ کو پیش کرنا ہی ہو گا۔ فیض الرحمن درانی نے نماز جمعہ کے بعد متاثرین سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top