منہاج القرآن کے زیراہتمام آزادی تقریبات کے سلسلے میں سیمینار

مورخہ: 12 اگست 2015ء

سیمینار میں سکھ، ہندو، عیسائی، رہنماؤں کی شرکت، ملکر ملی نغمے گائے
سیمینار سے سردار کلیان سنگھ، پنڈت بھگت لال، پرویز جان، سہیل رضا نے خطاب کیا

PAT Seminar about Azadi Taqreeb

لاہور (12 اگست 2015) عوامی تحریک و منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیر اہتمام تمام مذاہب کے رہنماؤں نے ’’سانجھا پاکستان‘‘ عنوان کے تحت آزادی تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی تقریب میں شرکت کی اور اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، ہم ایک ہیں کا ملی نغمہ گایا۔ سکھ مذہب کی طرف سے پروفیسر سردار کلیان سنگھ کلیان، ہندو مذہب کی طرف سے پنڈت بھگت لال، ارون کمار کنندنانی، مسیحی مذہب کی طرف سے پرویز جان سرویا نے شرکت کی جبکہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے جے ایم ملک، سہیل رضا، سیکرٹری اطلاعات ایم نوراللہ، شہزاد رسول، ساجد بھٹی، سعید احمد، حفیظ چودھری، آفتاب شیخ، ڈاکٹر اقبال نے شرکت کی۔

سردار کلیان سنگھ کلیان نے کہا کہ اسلام آئین پاکستان اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔ پاکستان ہمارا ملک ہے اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنگھ مذہب کے نمائندوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ محنت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے دنوں میں منہاج القرآن نے خصوصی تقریب منعقد کر کے ہماری عزت افزائی کی ہے۔

پنڈت بھگت لال نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے مذہب، ذات، جماعت سے بالا ہو کر محبت، پیار، اور اخوت کی بات کی ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کو ہمیشہ اپنے دل سے لگایا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ گیارہ اگست کے دن عوامی تحریک نے اقلیتوں کو براہ راست انتخاب کا آئینی حق دلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی۔

پرویز جان سرویا نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی خدمات کو سراہا اور آزادی تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندوں کو مدعو کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے انہی تعلیمات کا پرچار کرتے ہیں جو قرآن اور سنت کے مطابق ہیں۔ قرآن پاک انسانیت کیلئے راہ نجات اور راہ ہدایت ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی۔

ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے تمام مذاہب کے نمائندوں کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کے اللہ تعالیٰ پاکستان کو اپنے حفظ و ایمان میں رکھے اور ہمیں حقیقی آزادی کی نعمت سے مالا مال کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top