تحریک منہاج القرآن نے آفیشل ویب سائٹ کا عربی ورژن لانچ کر دیا
منہاج انٹرنیٹ بیورو، تحریک منہاج القرآن نے آفیشل ویب سائٹ www.minhaj.org کا نیا عربی ورژن www.minhaj.org/arabic لانچ کر دیا۔ ویب سائٹ کا افتتاح مورخہ 7 اگست 2015 کو چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج انٹرنیٹ بیورو (MIB) کے سٹاف سے میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو اس عظیم کاوش پر خصوصی مبارکباد دی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر MIB نے بتایا کہ عربی ویب سائٹ کو لانچ کرنے کا مقصد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام امن و محبت دیگر ممالک کی طرح عرب دنیا میں بھی عام کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید تکنیکی تقاضوں کے مطابق از سر نو ڈیزائن کردہ ویب سائٹ کا نیا ورژن نہ صرف دیکھنے میں دیدہ زیب ہے بلکہ اس میں صارفین کے لیے نئی سہولیات بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔ نیا ڈیزائن responsive ہے، چنانچہ ویب سائٹ اب کسی بھی سائز کے سمارٹ فون اور ٹیبلٹ پر بہترین رزلٹ دیتی ہے۔ انگلش، اردو اور عربی زبان میں ڈویلپ کردہ ان ویب سائٹس کے نئے ورژن میں سرچ کیلئے گوگل کی طرز پہ بہترین فنکشن موجود ہے۔
اس ویب سائٹ کی خاص بات اس کے سرورق پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عربی کتب کی اشاعت ہے۔ علاوہ ازیں صارفین کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ ویب سائٹ میں نئی شامل کی جانے والی خبروں سے فوری آگاہ ہونے کیلئے subscribe کرسکیں۔ اس صورت میں کسی بھی نیوز کے ویب سائٹ میں شامل ہونے کے فوری بعد وہ نیوز خودکار طریقے سے انہیں بذریعہ ای میل بھجوا دی جاتی ہے۔
منہاج انٹرنیٹ بیورو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پہ موجود تحریکی ویب سائٹس اور سافٹ ویئر بنانے والا شعبہ ہے، جو اس وقت تک 65 سے زیادہ ویب سائٹس اور 20 سے زیادہ سافٹ ویئر بنا چکا ہے۔ اس شعبہ کا ہدف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پیغامِ امن و محبت اور تحریک منہاج القرآن کی کاوشوں کو دنیا بھر تک پہنچانا ہے، تاکہ اسلام بارے انتہاء پسندانہ شبہات کا ازالہ کیا جا سکے اور اسلام کا نکھرا ہوا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھایا جا سکے۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سائبر دنیا میں اپنا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔
تبصرہ