مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شہداء انقلاب مارچ کیلئے قرآن خوانی

مورخہ: 31 اگست 2015ء

شہدا کے مقدس لہو کی قسم قاتلوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، انصاف ہو کر رہے گا
زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا سے عہد کرتے ہیں قاتل حکمرانوں کو نہیں چھوڑیں گے
30، 31 اگست کی رات ظلم کرنے والے ایوانوں میں بیٹھے ہیں
ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، بشارت جسپال، بریگیڈئر (ر) مشتاق، فیاض وڑائچ، راضیہ نوید و دیگر کی گفتگو

لاہور (31 اگست 2015) شہدا کے مقدس لہو کی قسم قاتلوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ 30 اور 31 اگست کی رات ظلم ہوا اور ظلم کرنے والے ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ شہداء کے لواحقین ایک سال کے بعد بھی قومی اداروں سے انصاف مانگ رہے ہیں، انصاف کے راستے کی رکاوٹ بننے والے قانون اور اللہ کی عدالت کے مجرم ہیں۔ قاتلوں کا ساتھ دینے والوں کو بھی حساب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداروں، کارکنوں نے شہدائے انقلاب مارچ اسلام آباد کی پہلی برسی کے موقع پر کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شہداء انقلاب مارچ کی پہلی برسی کے موقع قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا، دعائیہ تقریب میں بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، جواد حامد، ساجد بھٹی، ڈاکٹر تنویر اعظم، ایم نور اللہ و دیگر قائدین نے گفتگو کی۔

عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق شہدائے انقلاب مارچ کی پہلی برسی کے موقع پر مختلف اضلاع میں قرآن خوانی کی خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، پشاور، کوئٹہ اور کراچی کی تنظیموں نے شہدائے انقلاب مارچ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے محافل منعقد کیں۔

سنٹرل کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ اسلام آباد ڈی چوک پر ہونے والی دہشت گردی کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ شہدا سے عہد کرتے ہیں کہ قاتل حکمرانوں سے انتقام انقلاب کی صورت میں لے کر رہیں گے۔

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شاکر مزاری نے کہا کہ شہد ا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ عوام کو مصلوب کرنے والے حکمرانوں کے تخت کا تختہ ہو کر رہے گا۔

شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئر(ر) مشتاق احمد نے کہا کہ شہداء انقلاب نے ثابت کر دیا کہ ظالم حکمران ان کے عزائم کو ڈگمگا نہیں سکتے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، قاتلوں کی گرفتاری کے منتظر ہیں۔

جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں عوامی تحریک کے غیور کارکنان ثابت کردیں گے کہ اب قاتلوں، لٹیروں کی نہیں عوامی حکومت قائم ہونے کا وقت قریب ہے۔ عوامی تحریک کا اشرافیہ کو پیغام ہے کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔

سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد انقلاب قوم کو انقلاب کا جو پیغام دے رہے ہیں۔ عوام کو دہشت گرد حکمرانوں اور امن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ قاتل حکمرانوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا۔ شہدا انقلاب مارچ اور شہداء ماڈل ٹاؤن کا حساب لیا جائے گا۔ قاتل حکمرانوں کا ٹھکانہ جلد جیل ہو گا۔

عوامی تحریک شعبہ خواتین کی رہنما راضیہ نوید، عائشہ شبیر اور عائشہ مبشر نے کہا کہ30اگست کو 19کروڑ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو گولیوں سے بھون دیا گیا۔ افسوس قاتل آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے انقلاب و تحسین و تشکر کے جذبات پیش کرتے ہیں، عوام کے حقوق کیلئے جام شہادت نوش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ دعائیہ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top