تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں امن، محبت اور انقلاب کے پیغام کو عام کیا: سردار شاکر مزاری

دہشت گرد اسلام کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔
کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کے مطابق معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے میں بھر پور کردار ادا کریں
تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کی تنطیم نو کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب

ملتان(01 ستمبر2015ء) تحریک منہاج القرآن ملتان کی تنظیم نو کیلئے خصوصی اجلاس مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات سردار شاکر مزاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات سردار شاکر مزاری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں امن کی داعی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ اس تحریک نے بدترین ریاستی جبروتشدد کا سامنا کیا مگر پھر بھی امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ 17 جون 2014 ء کو ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 14 مرد و خواتین شہید ہوگئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے مگر دنیا نے دیکھا کہ اس تحریک کے کارکن پھر بھی پرامن رہے۔ صرف یہی نہیں تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں امن، محبت اور انقلاب کے پیغام کو عام کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی فتویٰ دے کر یہ بتادیا کہ دہشت گرد اسلام کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں حکمران دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔کارکنوں کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کے مطابق معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے میں بھر پور کردار ادا کریں۔اجلاس سے سابق ضلعی امیر میجر محمد اقبال چغتائی، سابق ناظم حاجی خلیل احمد آہیر، علامہ سعیدا حمد فاروقی، میڈیا کوارڈنیٹر راؤ محمد عارف رضوی اور چوہدری قمر عباس دھول نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کی سابقہ تنطیم کو تحلیل کرکے بذریعہ انتخابات نئے ضلعی عہدیداران کو منتخب کیا گیا۔ جس کے مطابق پروفیسر جاوید اختر زواری ضلعی امیر، ممتاز نون ضلعی ناظم، احمد قریشی نائب امیر، حاجی جمشید علی نائب ناظم، معید خاکوانی ناظم دعوت و تربیت اور چوہدری فاروق کو ناظم نشرواشاعت منتخب کیا گیا۔ سردار شاکر مزاری نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top