پٹرولیم مصنوعات میں 3 روپے کمی عوام سے سنگین مذاق ہے: بشارت جسپال

گیس کے نرخوں میں اضافہ گھریلو صارفین، صنعتی مزدور اور کسانوں پر ظلم ہے
پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر کمی کی جائے اور گیس کے نرخوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، مطالبہ
پٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹا جارہا ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی
صوبائی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں تاجروں کی مکمل حمایت کا فیصلہ اور ہڑتال میں حصہ لینے کا اعلان

لاہور (یکم ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے کمی عوام سے مذاق ہے، یہ ریلیف نہیں بلکہ غریب عوام کی تذلیل ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبر عوام کیلئے خوشی کی بجائے تازیانہ بن کر سامنے آئی ہے کیونکہ ظالم حکمرانوں نے گیس کے نرخوں میں اضافہ کر کے گھریلو صارفین، صنعتی مزدور اور کسانوں پر ظلم کیا ہے۔ گیس کے نرخوں میں اضافہ اور پٹرول کی قیمتوں میں صرف 3 روپے کی کمی سنگین مذاق ہے۔ عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر کمی کی جائے اور گیس کے نرخوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔ وہ صوبائی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سنٹرل پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ڈاکٹر تنویر اعظم، عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، راجہ ندیم، چودھری عارف، چودھری افضل گجر و دیگر بھی موجود تھے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ حکمران پٹرولیم مصنوعات کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ اگر پٹرول بلیک میں 100 روپے لیٹر مل سکتا ہے تو سرکاری قیمت پر دستیاب کیوں نہیں؟انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 40 ڈالر بیرل سے نیچنے آ گئیں مگر حکومت نے یہ ریلیف عوام کی طرف منتقل نہیں کیا۔صوبائی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں بنک ٹرانزیکشن ٹیکس کے خلاف تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا گیا اور اعلان کیا گیا پاکستان عوامی تحریک 9ستمبر کو تاجر برادری کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہڑتال میں حصہ لے گی۔ بشارت جسپال نے کہا کہ عوام دشمن حکمرانوں نے تاجروں کے خلاف کھلی لوٹ مار شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ متنازعہ ٹیکس فوری طور واپس لیا جائے اور تاجر برادری کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top