حجاب خاموش دعوت دین اور عورت کی عظمت و حیاء کی علامت ہے: فرح ناز

عورت حجاب اختیار کرکے حیاء و عظمت کی مضبوط ڈھال اپنے گرد قائم کر لیتی ہے
اسلام دین فطرت ہے جو آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں، یوم حجاب کی تقریب سے خطاب

لاہور (4 ستمبر 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ اسلام ایک امن پسند دین اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ نور اسلام سے ہی انسان اپنی بشریت کے تقاضوں کو پورا کر سکتا ہے۔ اسلام سے قبل دنیا کی مختلف تہذیبوں اور معاشروں میں عورت بہت مظلوم اور معاشرتی و سماجی عزت و احترام سے محروم تھی۔ زمانہ جاہلیت کی تہذیبوں اور ثقافت میں عورت کو ثانوی حیثیت سے بھی کم تردرجہ دیا جاتا تھا۔ اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کے تحفظ اور انکے حقوق کا علم بلند کیا اور عورت کی عظمت و احترام اور اسکی صحیح حیثیت کا واضح تصور پیش کیا۔ اسلام دین فطرت ہے جو آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں۔ قوموں کاعروج عورت کی حیاء اور مرد کی غیرت سے مشروط ہے۔ ہر دین کا ایک اخلاق ہوتا ہے اور اسلام کا اخلاق حیاء ہے۔ حجاب حکم الٰہی ہے جو بدکاری اور بدنظری سے بچاتا ہے۔ باحجاب عورت کیلئے معاشی ترقی کی راہیں کھلی ہیں۔ حجاب اعلیٰ تعلیم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، حقیقت میں حجاب خاموش دعوت دین ہے، دل کا پردہ آنکھ میں حیاء اور نیت کی پاکیزگی کا عملی اظہار حجاب ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں یوم حجاب کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر پر راضیہ نوید، عائشہ بشیر، طاہرہ خان، شاکرہ چودھری، عائشہ مبشر، عطیہ بنین، سدرہ کرامت، قراۃ العین فاطمہ و دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ حجاب عورت کوآزادی، تحفظ، شناخت عزت ووقار عطا کرتا ہے۔ حجاب اختیار کرکے حیاء و عظمت کی مضبوط ڈھال اپنے گرد قائم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ساری دنیا میں عالمی یوم حجاب کو بڑے جوش و خروش سے منانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان تقریبات کا مقصد حجاب کا استعمال عام کرنا نہیں بلکہ حجاب کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔ دنیا بھر کی خواتین میں حجاب کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ حجاب امت مسلمہ کی تہذیبی علامتوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اسکی عظمت کی علامت ہے۔ خواتین امہات المومنین رضی اللہ عنہا کے کردار کو مشعل راہ بنائیں، حجاب اپنی مقرر کردہ حدود کے ساتھ ایک شرعی حکم اور دینی ہدایت ہے۔ حجات اسلام کا عطا کردہ معیار عزت و عظمت ہے۔ حجاب عورت کا حق ہے کوئی پابندی یا جبر کی علامت نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top