الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کے سامنے بے بس ہے تو فوج سے مدد لے: خرم نواز گنڈا پور
پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران 37 ارب روپے کے
منصوبوں کی منظوری دی
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کا الیکشن کمیشن کے نام خط
میں احتجاج
پولیس کے ذریعے امیدواروں کو ہراساں کیا جارہا ہے، آئی جی کا بھائی بھی بلامقابلہ
منتخب کروایا گیا
لاہور (16 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز پری پول دھاندلی کیلئے استعمال کررہی ہے جو غیر قانونی، انتخابی قواعد اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ پنجاب حکومت نے 15ستمبر 2015 کو پنجاب بھر میں 37ارب روپے کے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی جو بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی منصوبہ بندی ہے۔ پنجاب حکومت اگر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور انتخابی قوانین کو ماننے کو تیار نہیں تو پھر الیکشن کمیشن فوج کے ذریعے اپنے احکامات پر عمل کروائے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دھاندلیوں کی وجہ سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد اٹھ چکا ہے اگر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی اثرورسوخ اور فنڈز کے استعمال کا سخت نوٹس نہ لیا تو پھر عوام کے غم و غصہ اور احتجاج کا رخ الیکشن کمیشن کی طرف ہوگا۔ خرم نوازگنڈا پور نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ن لیگ کی دھاندلی پر سراپا احتجاج ہیں مگر کسی ادارے کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کو پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہیں حکومتی امیدواروں کے مقابلے میں کاغذات جمع کروانے سے روکا گیا اور اب کاغذات واپس لینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ حویلی لکھا قلعہ دیدار سنگھ یونین کونسل میں آئی جی پنجاب کے بھائی اعجاز سکھیرا کوبلامقابلہ کامیاب کروانے کیلئے ڈی پی اوکاڑہ نے براہ راست دباؤ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دھن، دھونس سے بلدیاتی الیکشن جیتنا ہے تو پھر الیکشن کمیشن ابھی سے ن لیگ کے امیدواروں کوبلامقابلہ کامیاب ہونے کا سرٹیفکیٹ جاری کر دے۔ صوبہ کے عوام کا وقت اور وسائل برباد نہ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے دھاندلی پر مبنی جمہوری کلچر متعارف کروایا جس کے نتیجے میں جمہوری ادارے تباہ ہوئے اور عوام کا ووٹ کے استعمال کا حق بری طرح مجروح ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ ہائی جیک کیا گیا تو اس کا ردعمل انتہائی تباہ کن ہو گا۔
تبصرہ