ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک منہاج القرآن کی تنظیم نو کے لیے انتخابات، محمد افضل 188 ووٹ لے کر ضلعی صدر منتخب
ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کی تحصیل پہاڑپور میں تحریک منہاج القرآن کی تنظیمِ نو کے لیے انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ پہاڑپور اور گردونواح سے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور وابستگان نے بھرپور دلچسبی دکھائی۔ انتخابی عمل کے لیے پہاڑپور اور پنیالہ میں پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سید فرحت حسین شاہ کی نگرانی میں قائم الیکشن کمیشن نے پولنگ اور ریٹرننگ افسران کا تقرر کیا، امیدواران کو انتخابی نشان الاٹ کیے اور ووٹ کی پرچیاں شائع کیں۔ انتخاب میں تین سو سے زائد کارکنان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
ضلعی صدارت کے لیے محمد افضل اور حاجی امان اللہ کے درمیان مقابلہ ہوا، محمد افضل 188 ووٹ لے کر تحریک منہاج القرآن ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل نے 36 ووٹ حاصل کیے۔ دین محمد بلامقابلہ ضلعی نائب ناظم منتخب ہوئے۔
تحصیل پنیالہ کے تنظیمی انتخابات میں صدارت کے لیے محمد سرفراز نے 114 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مدمقابل محمد جہانگیر 111 ووٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جمشید علی بلامقابلہ تحصیل ناظم منتخب ہوئے۔
بعد ازاں جیتنے والے امیدواران کےساتھ سید فرحت حسین شاہ نے اجلاس کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی اور مشن کی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام کارکنان ہمارا عظیم سرمایہ ہیں، انہیں کسی طور بھی پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ دیگر فورمز کی ذمہ داریوں کے لیے ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
تبصرہ