آسٹریا: اسلام امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا داعی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
ویانا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 26 سے 28 اگست کو آسٹریا کا دو روزہ دورہ کیا جس میں آپ کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور حماد مصطفیٰ قادری تھے۔
منہاج القرآن آسٹریا کے عہدیداران اور کارکنان نے ائیرپورٹ پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پرتپاک استقبال کیا۔ ویانا میں دو روزہ قیام کے دوران انہوں نے منہاج القرآن آسٹریا، پاکستان عوامی تحریک آسٹریا اور ان کے ذیلی فورمز کے عہدیداران اور کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں شیخ الاسلام کا کہنا تھا کہ اسلام ’سلامتی‘ اور ایمان ’امن‘ سے عبارت ہے۔ اسلام کا نام ہی ہمیں امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا درس دینے کیلئے واضح اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے دین کا ہی پیغام ہے کہ مسلمانوں کا رب سارے جہانوں کا رب ہے اور انسانیت کے ہادئ اعظم پیغمبر آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لئے مبعوث فرمایا ہے۔ نبئ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ، صبر و برداشت، عفو و درگزر اور رواداری سے عبارت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے ہمیشہ محبت و اخوت اور اعتدال و توازن کا درس دیا ہے۔
سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن کے چیئرمین ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کارکنان کی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ملت اسلامیہ میں مجددانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ قرآن و حدیث کی تشریح کے ذریعے اسلام کا دفاع کر رہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی اور امن کے فروغ کے لیے شیخ الاسلام کا مرتب کردہ نصاب پرامن معاشرے کے حصول کی ایک کاوش ہے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فروغ اور اس کے فلسفے کی ہمہ جہت خدمت پر پاکستان عوامی تحریک آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، منہاج القرآن آسٹریا کے صدر محمد نعیم رضا قادری، سیکرٹری جنرل عمیر الطاف، رکن مجلس شوریٰ ملک امین عوان کو ’نشان منہاج‘ کی اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے کارکنان میں ’سندِ امتیاز‘ تقسیم کی گئیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حماد مصطفیٰ نے منہاج القرآن سنٹر آسٹریا کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تنظیم کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے باہم متحد رہنے اور مل جل کر کام کرنے کی تلقین کی۔
رپورٹ: عمیر الطاف
تبصرہ