وزیر اعلیٰ لاہور میں اب ’’میٹرو کشتی‘‘ منصوبہ شروع کریں، عوامی تحریک لاہور

لاہور کو پیرس بنانے کیلئے کھربوں خرچ کرنے والوں نے اسے جوہڑ بنا دیا
چند گھنٹوں کی بارش نے وزیر اعلیٰ کے ترقیاتی منصوبوں کا میک اپ اتار دیا، بشارت جسپال، اشتیاق چودھری

لاہور (22 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، پی پی 147 سے پی اے ٹی کے ٹکٹ ہولڈر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ اور راجہ زاہد نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا میک اپ اتار دیا، اب وہ لاہور میں میٹرو کشتی منصوبہ شروع کریں۔ لاہور کو پیرس بنانے کیلئے کھربوں روپے خرچ کرنے والوں نے اسے ’’عطا آباد جھیل‘‘ میں تبدیل کر دیا۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جو حکمران 30 سالہ اقتدار میں لاہور کو سیوریج سسٹم نہ دے سکے انہیں ترقی اور خوشحالی کے نعرے لگاتے شرم آنی چاہیے، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پانی کا نکاس نہ ہونے کے باعث لاہور کے لاکھوں عوام دفاتر اور گھروں میں یرغمال بنے رہے، مریض ہسپتال نہ جا سکے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں اور صفائی کی امپورٹڈ فرمیں بھی کہیں نظر نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لاہور کی ترقی کے نام پر اربوں کھربوں روپے کے منصوبوں کا آڈٹ کروایا جائے، ثابت ہو گیا کہ شہباز حکومت ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار میں مصروف ہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ صرف لاہور ہی نہیں پورا پنجاب تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعلیٰ پنجاب بارش کے پانی میں چلنے کا ڈرامہ کرتے نظر کیوں نہیں آتے ؟انہوں نے کہا کہ پہلے گھٹنوں گھٹنوں پانی ہوتا تھا اور وزیر اعلیٰ پنجاب پانی میں چلنے کا ڈرامہ کرتے تھے، سات سال کی شاندار کارکردگی کے بعد بارش کا وہی پانی کمر تک آ گیا ہے۔ عوامی تحریک لاہور کے رہنما عارف چودھری، چودھری افضل گجر، الطاف رندھاوا، حافظ غلام فرید اور راجہ ندیم نے کہا کہ ن لیگ نے لاہور سے اس کا تاریخی حسن چھین لیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top