کشتی حادثہ کی معلومات کے لیے عوامی تحریک کا اٹلی تنظیم سے رابطہ، امدادی سرگرمیوں کی ہدایت

حکومت اور اٹلی سفارتخانے کی بے حسی قابل افسوس، میتیں فی الفور پاکستان لائی جائیں:خرم نواز گنڈاپور
وزیر داخلہ پریس کانفرنسوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے انسانی سمگلر پکڑیں:رہنما پی اے ٹی

لاہور (یکم اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور اور تحریک منہاج القرآن فارن افیئرز کے ڈائریکٹر جی ایم ملک نے اٹلی میں پاکستانی شہریوں کی کشتی کو پیش آنے والے حادثہ اور جاں بحق پاکستانیوں کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اٹلی کی تنظیم سے رابطہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کی ہدایت کی۔ اٹلی میں مقیم تحریک کے نائب صدر حاجی جاوید ارشد چوہدری نے بتایا کہ حادثہ اوور لوڈنگ کے باعث پیش آی۔ اٹلی میں دو روز سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں مگر پاکستانی سفارتخانہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا انسانی سمگلنگ کے اس مکروہ دھندے کی وجہ سے نہ صرف انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں بلکہ پاکستان بدنام ہو رہا ہے۔ پاکستانی حکومت تمام تر دعووں کے باوجود انسانی سمگلرز پر ہاتھ نہیں ڈال رہی ان سمگلرز کے سرپرست سرکاری اداروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی میتوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے جتنی بے حس موجودہ حکومت ہے شاید ہی کوئی اور ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ بے مقصد پریس کانفرنسوں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے سرکاری اداروں میں بیٹھے ہوئے انسانی سمگلروں کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے فاقوں سے تنگ شہری جان ہتھیلی پر رکھ کر دیار غیر روزگار کی تلاش کے لیے نکلتے ہیں اور انسانی سمگلروں کے ہتھے چڑھ کر جان اور جمع پونجی گنوا بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ حادثے کا شکار پاکستانی شہریوں کی میتیں پاکستان لانے کے اقدامات کیے جائیں اور انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے مین ملوث گینگز کا خاتمہ کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top