پابندی کے باوجود ترقیاتی فنڈز انتخابی مہم کیلئے استعمال ہورہے ہیں: عوامی تحریک

پی اینڈ ڈی کی طرف سے بہاولنگر کیلئے 69 کروڑ کے فنڈز کے منصوبے پری پول رگنگ ہے
الیکشن تک وزیراعلیٰ کی تصاویر والے اشتہاروں پر بھی پابندی لگائی جائے، خرم نوازگنڈاپور کا خط

لاہور (3 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھا ہے کہ پابندی کے باوجود پنجاب حکومت ترقیاتی فنڈز کو انتخابی مہم کیلئے استعمال کررہی ہے۔ یکم اکتوبر کو پنجاب حکومت کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بہاولنگر سٹی کیلئے نئی سڑکوں اور سٹریٹس لائٹس کیلئے 69 کروڑ 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم جاری کی ہے۔ بہاولنگر بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں شامل ہے اور حکمران جماعت کے امیدوار اس خطیر رقم کے اجراء کو انتخابی مہم کیلئے استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے دیگر اپوزیشن جماعتوں کیلئے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ انتخابی عمل کی تکمیل تک پی اینڈ ڈی کو ترقیاتی رقوم کے اجراء سے روکا جائے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جیسے ہی بلدیاتی انتخابات کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تصاویر پر مشتمل اشتہاری مہم کا آغاز کر دیا ہے اور ان اشتہاروں کی ادائیگی قومی خزانے سے ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس اشتہاری مہم کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہورہے ہیں اور اپنے اختیارات اور قومی وسائل کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس بلواسطہ پری پول رگنگ کا نوٹس لے اور الیکشن تک وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر والے اشتہاروں پر پابندی لگائی جائے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے کسان پیکیج کوانتخابی ضابطہ کے خلاف قرار دیکر اچھا فیصلہ کیا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کی لاقانونیت کا راستہ روکنے کیلئے بھی جرات مندانہ فیصلے کیے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top