پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے ٹورانٹو سے براہ راست ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو دل اہل بیت کی محبت اور کربلا میں دی جانیوالی قربانیوں کے غم سے خالی ہے وہ دل مردہ اور ایمان سے خالی ہے، نوجوان فکر امام حسین علیہ السلام سے تعلق جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین حق کیلئے جانوں کی قربانیاں دے کر قیامت تک کیلئے ظالموں کا سر نیچا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے نوجوان واقعہ کربلا اور شان امام حسین علیہ السلام اور مقام امام حسین علیہ السلام کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنائیں اور حضرت امام عالی مقام کی پاک زندگی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ اور اللہ کی بیش قدر نعمت ہے۔ شہادت کا یہ مقام اللہ اپنے انعام یافتہ بندوں کو عطا کرتا ہے۔ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے برگزیدہ اور پاکیزہ افراد اللہ کے انعام یافتہ ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے جیکب آباد میں محرم الحرام کے جلوس میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور لا پروائی کا نتیجہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

اس موقع پر خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل آقائی اکبر برخورداری، آقائی استاد عباس بہشتی قمی، امیر تحریک فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، و دیگر رہنماؤں اور عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ نعت خوان حضرات نے حضرت امام عالی مقام کی شان میں ہدیہ تبریک پیش کیا اور مقررین نے اہل بیت کی دین حق کیلئے بے مثال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top