ڈاکٹر طاہرالقادری کا زلزلہ میں ہونے والی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

عہدیداروں، منہاج ویلفیئر کو امدادی سرگرمیوں کی ہدایت، عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا اجلاس ملتوی
جانی نقصانات کی اطلاع ملنے پر ڈاکٹر حسن محی الدین کی خیر و سلامتی کی دعا
پرویز خٹک کو فون، نقصانات پر اظہار افسوس، امدادی ٹیمیں بھجوائی جائیں گی

لاہور (26 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے خیبر پختونخواہ اور ملک بھر میں زلزلہ کے باعث ہونے والی اموات اور نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کی تنظیموں کو فی الفور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت سے معلومات لے کر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے بھی زلزلہ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاعات موصول ہونے پر پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے انتظامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کو فون کیا اور زلزلے کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پرافسوس کا اظہار کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران میجر (ر) محمد سعید، عامر فرید کوریجہ، حنیف مصطفوی، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، احمد نواز انجم، بشارت جسپال، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، ساجد بھٹی، نور اللہ صدیقی، قاضی فیض الاسلام، تنویر خان نے قیامت خیز زلزلہ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان بھر کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کیساتھ ہیں۔ سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران نے افواج پاکستان کی طرف سے بلا تاخیر امدادی سرگرمیاں شروع کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کا ایک وفد جلد خیبر پختونخواہ کے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرے گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ابھی تک 8 اکتوبر 2005کے زلزلہ کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوا تھا کہ قدرت کی طرف ایک اور آفت کا سامنا ہے، قوم اجتماعی توبہ کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top