ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر عوامی تحریک کے رہنماؤں کی پشاور میں زلزلے کے زخمیوں کی عیادت
ایک ہزار متاثرہ خاندانوں کیلئے خوراک اور ادویات متاثرہ اضلاع
میں بھجوا دی گئیں
خیبر پختونخواہ کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں، خرم نواز گنڈا
پور کی زخمیوں سے گفتگو
پشاور/لاہور (29 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کے ایک وفد نے عوامی تحریک خیبر پختونخواہ کے صدر خالد درانی کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زلزلہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے زخمیوں کو پھولوں کے گلدستے دئیے اور انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، خیبر تا کراچی کے عوام انکے ساتھ ہیں۔
زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج ویلفیئر کی طرف سے ایک ہزار خاندانوں کیلئے خوراک، ادویات، خیمے اور کمبل لے کر آئے ہیں، ہمارے دو سو سے زائد کارکنان یہ اشیاء متاثرہ خاندنوں تک پہنچائیں گے اور یہ سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق غریب خاندانوں کے بچوں کو لاہور لائیں گے جہاں انہیں آغوش گرائمر سکول میں مفت تعلیم، خوراک اور رہائش دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ 2005 کے قیامت خیز زلزلے میں یتیم ہونے والے سینکڑوں بچوں کی منہاج ویلفیئر نے تعلیم اور کفالت اپنے ذمہ لی تھی، الحمدللہ آج وہ تمام بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر پشاور سٹی جمشید خان، پیر عبد الرشید، صوفی عبد الطیف، ڈاکٹر حفیظ صدیقی، مفتی سہیل بشیر و دیگر بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں بھاری پروٹوکول، پولیس اور نجی سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ آمد پر لواحقین کی طرف شدید احتجاج پر خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ عوامی جماعتوں کے عوامی لیڈر پروٹوکول سے باہر نکل کر عوام کے ساتھ کھڑا ہونا بھی سکیھیں، انہوں نے کہاکہ VIPکلچر نے سیاسی، سماجی اقدار کو تباہ کر دیا عوام ایلیٹ کلاس سے نفرت کرتے ہیں یہ VIPحضرات اس طرف بھی توجہ دیں۔
تبصرہ