پاکستان عوامی تحریک کے سینئر عہدیداروں کی سابق صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات
کراچی/لاہور(9 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف سے انکی رہائش گاہ پر کراچی میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تازہ ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے متحدہ اپوزیشن ہی موثر اپوزیشن ثابت ہو سکتی ہے۔ اس وقت عوامی امنگوں کی ترجمانی کیلئے حزب مخالف کی تمام قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے میں مزید تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ ریمورٹ کنٹرول اور اختیارات اور وسائل سے محروم بلدیاتی ادارے عوامی نمائندگی کے حقیقی تقاضوں کو پورا نہیں کر سکتے، زیادہ سے زیادہ اختیارات مٹھی میں بند رکھنے کی خواہش کے باعث عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ آزاد اور بااختیارآئینی اداروں کی تشکیل ناگزیر ہے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے کراچی کے امیر قاضی زاہد اور تنویر خان بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے سابق صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام ایک نئی سیاسی قوت کی کمی محسوس کر رہے ہیں، منتشر اپوزیشن کا فائدہ موجودہ نا اہل حکمران اٹھا رہے ہیں۔ معیشت کو مضبوط کرنے کے نام پر اقتدار میں آنے والوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ 2007کاپاکستان 2015کے پاکستان کی نسبت معاشی اعتبار زیادہ مضبوط اور فعال تھا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سابق صدر نے ڈاکٹر طاہر القادری کی خیریت بھی دریافت کی۔
تبصرہ