ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور میں ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرینگے : منہاج القرآن
60 سے زائد انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل، 30 روزہ میلاد تقریبات کے
انعقاد کا اعلان
مصر، کینیڈا، برطانیہ، مشرق وسطیٰ سے ممتاز علمی و روحانی شخصیات کانفرنس میں شرکت
کریں گی
لاہور (30 نومبر 2015) 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے منہاج القرآن میں اہم اجلاس امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور مینار پاکستان میں ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرینگے۔ کانفرنس میں مصر، کینیڈا، برطانیہ، مشرق وسطیٰ سمیت ملک بھر سے ممتاز علمی، دینی و روحانی شخصیات شرکت کرینگی۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے 60 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس کے فیصلہ کے مطابق رواں سال ملک بھر میں 30روزہ میلاد تقریبات کا انعقاد ہو گا۔ منہاج القرآن کی ذیلی تنظیمات کو 30 یوم تک میلاد ریلیاں، میلاد سیمینارز، میلاد کانفرنسز، چراغاں، فیسٹیولز منعقد کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن تاریخ عالم میں سب سے بڑا متبرک اور خوشی والا دن ہے۔ اس دن کو شایان شان طریقے سے منانا ہر کلمہ گو مسلمان کیلئے باعث سعادت اور باعث برکت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے دن سے کفر، الحاد، غلامی، جھوٹ، ظلم کا زوال شروع ہو گیا تھا اور بنی نوع انسانیت کو سر اٹھا کر چلنے کا پیغام مل گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال جشن میلاد مصطفی کو پیامبر امن و محبت کے عنوان سے منایاجائیگا۔ اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، رفیق نجم، ساجد بھٹی، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام، شہزاد ر سول، مظہر علوی، عرفان یوسف، فرح ناز، ارشاد طاہر، حافظ غلام فریدودیگر موجو تھے۔
احمد نواز انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے ذریعے پوری دنیا کو پیغام دیا جائیگا کہ پیغمبر اسلام امن، محبت اور اخوت کے آفاتی پیغام کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے ذریعے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا جائیگا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے ہی کوشاں ہے۔ احمد نواز انجم نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس مقصد اس فکر کو عام کرنا ہے نبی آخر الزماں نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں اور اسلام سلامتی اور امن کے رویے بانٹنے والا دین ہے۔
تبصرہ