فرانس: جانوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے والا اسلام بےگناہوں کے قتل کی اجازت کیسے دے سکتا ہے؟ علامہ حسن میر قادری

پیرس (اے کے راؤ) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری دعوت برائے اوورسیز پروفیسر علامہ حسن میر قادری نے مرکز منہاج القرآن فرانس میں جمعہ کے خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے والا اسلام بے گناہوں کے قتل کی اجازت کیسے دے سکتا ہے؟ انہوں نے 13 نومبر کی رات پیرس میں ہوئی دہشت گردی سمیت دنیا بھر میں بےگناہوں کے قتل کی بھرپور مزمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا میں قیام امن، جدید دینی علوم اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احیاء کی تحریک ہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

انہوں نے سامعین کو بتایا کہ دہشتگردی، تنگ نظری، انتہا پسندی اور نوجوانوں کو فتنہ خوارج سے محفوظ بنانے کیلئے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 600 صفحات پر مشتمل قرآن وسنت کی روشنی میں فتویٰ تحریر کیا ہے، جس سے مستفید ہو کر ہم نئی نسل کو انتہا پسندانہ رویوں اور رجحانات سے بچا سکتے ہیں‌ اور انتہا پسندی کو شکست دے سکتے ہیں۔

پروفیسر حسن میر قادری نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے مسلم اور عیسائی دنیا کو مل کر چلنا ہو گا۔ خود کو سچا اور دوسرے کو جھوٹا ثابت کرنے کی منفی دوڑ کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اسلام دین امن ہے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا فکری بددیانتی ہے۔ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top