عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہو گی

40 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں، 3 سٹیج بنائے گئے، 5 ہزار نوجوان سیکیورٹی پر مامور، انتظامات مکمل
عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے

لاہور (22 دسمبر 2015) مینار پاکستان آج دنیائے اسلام کی سب سے بڑی 32ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کا گواہ بنے گا۔ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی میلاد کانفرنس کے انتظامات مکمل۔ 40 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں۔ خاص مہمانوں کیلئے مینار پاکستان کے چبوتروں پر 3سٹیج بنائے گئے، کانفرنس کی صدارت شہزادہء غوث الوریٰ جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء حضور پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی کرینگے جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں عشاقان مصطفی شرکت کریں گے۔ اہم سیاسی، مذہبی شخصیات کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 5ہزار نوجوان پنڈال اور مینار پاکستان گراؤنڈ کے اطراف میں سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔ ہزاروں خواتین کیلئے الگ پنڈال بنایا گیا ہے۔ آج 11ربیع الاول کو نماز مغرب کے بعد سے رات 10بجے تک ہر خاص و عام کیلئے ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا۔ مینار پاکستان کو برقی قمقموں، اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے بینرز اور خوبصورت جھنڈوں اور غباروں سے سجا دیا گیا ہے۔

کانفرنس میں ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، ڈاکٹر حسین محی الدین، صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید، جی ایم ملک، احمد نواز انجم سمیت عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنما شرکت کریں گے۔ ملک کے معروف قرآء اور نعت خوان حضرات بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے جبکہ جید علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ عالمی میلا کانفرنس میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانیوالا درود پاک کھربوں کی تعداد میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔

لاہور، 22 دسمبر 2015ء، مینار پاکستان کے سبزہ زار میں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔

Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Tuesday, December 22, 2015

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top