32ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس (23 دسمبر 2015)

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 32 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 23 دسمبر 2015ء کی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ کانفرنس ARY News ،Neo TV ،Abb Takk ،Dunya TV ،Channel 92 ،Samaa TV ،Express News ،Geo TV ،City 42 اور www.Minhaj.TV نے براہ راست نشر کی۔

کانفرنس کی صدارت شہزادہء غوث الوریٰ جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء حضور پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی نے کی جبکہ جامعہ الازھر مصر کے کالج آف شریعہ و قانون کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالستار الجبالی، جامعہ الازھر کے کالج آف اصول الدین کے پرنسپل اور پروفیسر آف اسلامک فلاسفی ڈاکٹر عبدالرحیم نے عالمی میلاد کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، سابق نگران وزیراعلی بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاری، مفتی عبدالقوی، مجلس وحدۃ المسین کے رہنما ناصر شیرازی، مسیحی رہنما ڈاکٹر فادر جینز چنن، رہنما منہاج القرآن انڈیا سید ناد علیٰ، رہنما منہاج القرآن انڈیا کان پور عبدالحمید چاند، امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نوازگنڈاپور، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ امداد اللہ قادری، صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، افنان بابر، احمد نوازانجم سمیت علماء و مشائخ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، کانفرنس میں پاکستان اور دیگر ممالک امریکہ، ڈنمارک، سپین، اٹلی، سعودی عرب، کویت، بحرین، آسٹریا، فرانس، یوکے، افغانستان، کینیڈا، مصر اور انڈیا سے عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

مینار پاکستان شب بھر آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا مرحبا اور مصطفوی انقلاب کے پر جوش نعروں سے گونجتا رہا۔ فجر کے وقت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پاک کی ساعت کے موقع پر شرکاء نے تعظیماً کھڑے ہو کر ولادت پاک کی خوشی کااظہار کیا، فضاء میں کبوتر چھوڑے گئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ سے وابستہ عہدیداروں و کارکنان کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ خواتین کیلئے الگ پنڈال بنایا گیا تھا۔ ایم ایس ایم اور یوتھ لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے، ملک بھر سے آئے ہوئے ممتاز ثناء خوان رسول نے نعتیں پیش کر کے سماں باندھے رکھا، منہاج علماء کونسل کے رہنما مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے، مہمانوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر دو بجے شروع ہو گیا تھا۔ منہاج القرآن کی طرف سے ہزاروں شرکاء کیلئے ضیافت میلاد کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ شرکاء کی سہولت کیلئے پنڈال کے اطراف میں بڑی بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں۔

شیخ الاسلام  ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ فقید المثال عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعمت کے صدقے لوگ موسمی حالات کی پروا کئے بغیر چلتے پھرتے اور جدوجہد کرتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے عظیم کارکنان کی استقامت کا مقابلہ کوئی جماعت نہیں کرسکتی، جس کی وجہ محبت و عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ محبت ایک جذبہ ہے، جو دل میں پیدا ہوتا اور فروغ پاتا ہے اور پھر اعمال اس محبت کا ثبوت بنتے ہیں۔ جب انسان کو دنیا سے محبت ہوجائے تو وہ دنیا کو آخرت پر ترجیح دیتا ہے۔ دنیا کی محبت ایک زینت ہے، جو کبھی حقیقت نہیں ہوتی۔ دہشت گردی کی محبت غلط نظریئے اور باطل کی محبت ہے۔ دہشت گرد باطل کی محبت میں جان لیتے اور جان دیتے ہیں، جو سراسر کفر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کے عملی ثبوت کیلئے اطاعت و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پیمانہ قرار دیا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، آپ کے آل و اصحاب اور اولیاء اللہ کی محبت دراصل محبت الٰہی کی شاخیں ہیں۔ غربت و افلاس محبت کی علامتوں میں سے ہے۔ وہ امارت قبول نہیں جو بندے کو بےغیرت بنا دے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم محبت و ناموسِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کو ہر آن، ہر گھڑی، ہر لمحہ تیار رہتے تھے۔ محبت جان کے خوف سے بےنیاز کر دیتی ہے، صحابہ کرام اپنی جان کی پروا کئے بغیر دیوانہ وار حضور پر اپنی جان قربان کردیتے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے مظاہر قیصر و کسریٰ کے بادشاہوں نے بھی دیکھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت قبر میں بھی انسان کی نجات کا ذریعہ ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ قرب قیامت میں ایمان سمٹ کر مدینہ منورہ میں آ جائے گا، گویا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے مدفن کو ایمان کی پناہ قرار دیا، روضۂ اطہر کو قیامت میں بھی فنا نہیں آئے گی۔ اگر ایمان کی پناہ مدینہ منورہ میں ہے تو اہلِ ایمان کو بھی پناہ وہیں سے ملے گی۔ اسلام پر زندگی اور ایمان پر موت کی ضمانت تعلق و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر منحصر ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فتوحاتِ یمن و شام کے بعد صحابہ کرام کو مدینہ چھوڑنے سے منع فرمایا کیونکہ ایمان کی سلامتی مدینہ منورہ میں ہے۔ اعمال کا ثواب مکہ میں ہے، مگر ایمان کی سلامتی اور خاتمہ بالایمان کی ضمانت مدینہ منورہ میں ہے۔ اللہ تعالیٰ اس پر دوزخ کو حرام کر دیتا ہے، جس دل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت رچ بس جائے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ دنیا قیام امن کیلئے صاحب گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے، اسلامی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال، قتل و غارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کر سکتا۔ ضرب امن سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے۔ دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر امن و محبت کے مبارک یوم ولادت کی نسبت سے نوجوانوں، طلباء و طالبات سے کہتا ہوں باطن کی روشنی اور حق تک رسائی کیلئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے مطالعہ میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان اپنی تعلیم اور مطالعہ کو با مقصد بنائیں اور نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک سنت سمجھ کر علم حاصل کریں اور اسے فروغ دیں، پڑھے لکھے نوجوان وقت کے خارجیوں، دہشتگردوں، اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کے باطل اور گمراہ نظریات سے اپنے حلقہ احباب کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کے خاتمہ اور فروغ امن نصاب مرتب کر کے اپنی اسلامی، ملی، قومی و بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ہے، نوجوان امن کے سفیر بن کرامن اور محبت کے اس پیغام کو گوشے گوشے تک پہنچائیں۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن عوام الناس میں جس ضربِ امن کا آغاز کر رہی ہے وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں امن کے فروغ کی کاوش ہے۔

عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے اسلام اور پاکستان کے سچے سپاہی اور قوم کے ہیرو ہیں، ہم ان کی حفاظت اور کامیابیوں کیلئے دعا گو ہیں۔

Album 6: International Mawlid Conference 23 Dec 2015 | Minar-e-Pakistan Lahore#MQICelebratesMawlid

Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Wednesday, December 23, 2015

International Mawlid Conference 2015 | Minar-e-Pakistan Lahore#MQICelebratesMawlid

Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Wednesday, December 23, 2015

International Mawlid Conference 2015 | Minar-e-Pakistan Lahore#MQICelebratesMawlid

Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Wednesday, December 23, 2015

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top