دنیا قیام امن کیلئے صاحب گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے: ڈاکٹر طاہرالقادری

اسلامی معاشرہ عدل و انصاف برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا
ضرب امن سے ظلم کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے، 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب
کرپشن، معاشی استحصال، قتل و غارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں
عالمی میلاد کانفرنس میں جامعہ الازھر مصر کے سینئر اساتذہ سمیت ملک بھر سے ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور (23 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ فقید المثال عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا قیام امن کیلئے صاحب گنبد خضریٰ سے رہنمائی لے، اسلامی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا، کرپشن، معاشی استحصال، قتل و غارت گری، ناانصافی اور انتہا پسندی کافرانہ نظام کی پہچان ہیں۔ نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے امن اور رحمت کا پیغام بن کر آئے اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم، غریب اور یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ ان کا سچا امتی سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم نہیں کر سکتا۔ ضرب امن سے جہالت کے اندھیروں کو روشنی میں بدلا جائے۔ دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تنگ نظروں، انتہا پسندوں، علم کے دشمنوں، خودکش بمباروں اور مذہبی سوداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

32 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں سید محمود محی الدین القادری الگیلانی، جامعہ الازھر مصر کے کالج آف شریعہ و قانون کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالستار الجبائی، جامعہ الازھر کے کالج آف اصول و دین کے پرنسپل اور پروفیسر آف اسلامک فلاسفی ڈاکٹر عبدالرحیم نے عالمی میلاد کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نوازگنڈاپور، احمد نوازانجم سمیت علماء و مشائخ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، کانفرنس میں ملک بھر سے عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

مینار پاکستان شب بھر آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا مرحبا اور مصطفوی انقلاب کے پر جوش نعروں سے گونجتا رہا۔ فجر کے وقت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پاک کی ساعت کے موقع پر شرکاء نے تعظیماً کھڑے ہو کر ولادت پاک کی خوشی کااظہار کیا، فضاء میں کبوتر چھوڑے گئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ سے وابستہ عہدیداروں و کارکنان کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ خواتین کیلئے الگ پنڈال بنایا گیا تھا۔ ایم ایس ایم اور یوتھ لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے، ملک بھر سے آئے ہوئے ممتاز ثناء خوان رسول نے نعتیں پیش کر کے سماء باندھے رکھا، منہاج علماء کونسل کے رہنما مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے، مہمانوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر دو بجے شروع ہو گیا تھا۔ منہاج القرآن کی طرف سے ہزاروں شرکاء کیلئے ضیافت میلاد کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ شرکاء کی سہولت کیلئے پنڈال کے اطراف میں بڑی بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں۔

سربراہ عوامی تحریک نے 2 گھنٹے سے زائد خطاب کیا اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف ایمان افروز پہلوئوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر امن و محبت کے مبارک یوم ولادت کی نسبت سے نوجوانوں، طلباء و طالبات سے کہتا ہوں باطن کی روشنی اور حق تک رسائی کیلئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے مطالعہ میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوان اپنی تعلیم اور مطالعہ کو با مقصد بنائیں اور نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک سنت سمجھ کر علم حاصل کریں اور اسے فروغ دیں، پڑھے لکھے نوجوان وقت کے خارجیوں، دہشتگردوں، اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کے باطل اور گمراہ نظریات سے اپنے حلقہ احباب کو بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے دہشت گردی کے خاتمہ اور فروغ امن نصاب مرتب کر کے اپنی اسلامی، ملی، قومی و بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ہے، نوجوان امن کے سفیر بن کرامن اور محبت کے اس پیغام کو گوشے گوشے تک پہنچائیں۔

عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے اسلام اور پاکستان کے سچے سپاہی اور قوم کے ہیرو ہیں، ہم ان کی حفاظت اور کامیابیوں کیلئے دعا گو ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top