دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے قومی ایکشن پلان پر ہر قسم کی مصلحت سے بالا ہو کر عمل کیا جائے

فیصل آباد (19 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانا رب نوازانجم، رانا غضنفر علی، غلام محمد قادری، میاں امجد قادری، خالد رفیق سندھو نے پشاور جمرود میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد انسانیت کے قاتل ہیں اور ملکی امن کو سبوتاژ کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ خودکش دھماکے میں معصوم شہریوں اور صحافی محبوب شاہ کی المناک شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگرد اسلام اور پاکستان کو بدنام کررہے ہیں، یہ ہرگز ہرگز مسلمان نہیں ہوسکتے کیونکہ اسلام تو ہے ہی دین امن و سلامتی۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران اور پارلیمنٹ سوئے ہوئے ہیں۔ حکمران قومی ایکشن پلان پر عمل اور دہشتگردی کے خاتمہ میں سنجیدہ ہوتے تو دہشتگردی سے اب تک نجات مل چکی ہوتی، دہشتگردی کا جن ملک کو کھارہا ہے، فوجی جوان اور عوام قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ اقتدار کے مزے اڑانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے قومی ایکشن پلان پر ہر قسم کی مصلحت سے بالا ہو کر عمل کیا جائے۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top