ملائیشیا: منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پاکستان عوامی تحریک کی میلاد مصطفےٰ (ص) کانفرنس

کولالمپور: منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پاکستان عوامی تحریک ملائیشیا نے 17 جنوری 2016 کو میےٹاور ہوٹل کولالمپور میں عظیم الشان میلاد مصطفے صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا کے امیر علامہ رمضان قادری نے کی۔ کانفرنس میں مقامی افراد سمیت پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور منہاج القرآن انٹرنیشنل و پاکستان عوامی تحریک ملائیشیا کے کارکنان کثیر تعداد میں شریک تھے۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عظمت حسین نے حاصل کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے صدر طارق محمود علوی نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ انہوں نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

علامہ رمضان قادری نے میلاد مصطفے صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں میلاد پاک کی مشروعیت پر روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں پیش آمدہ سوالات کا احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود بھی اپنے یومِ ولادت کی تعظیم فرماتے اور اِس کائنات میں اپنے ظہور وجود پر سپاس گزار ہوتے ہوئے پیر کے دن روزہ رکھتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اپنے یوم ولادت کی تعظیم و تکریم فرماتے ہوئے تحدیثِ نعمت کا شکر بجا لانا حکم خداوندی تھا کیوں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کے وجودِ مسعود کے تصدق و توسل سے ہر وجود کو سعادت ملی ہے۔ محافل میلاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیرتِ طیبہ کی اہمیت اُجاگر کرنے اور جذبۂ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لیے محفل میلاد کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اِسی لیے جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں فضائل، شمائل، خصائل اور معجزاتِ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تذکرہ اور اُسوۂ حسنہ کا بیان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا مشن فروغِ عشقِ مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، اس لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل محافلِ نعت کا انعقاد کرتی ہے جو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ادب و تعظیم رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کی کاوش کے نتیجے میں ایک غیرمسلم نے میلاد کانفرنس میں قبولِ اسلام کا اعلان کیا۔ علامہ رمضان قادری نے اسے کلمہ طیبہ پڑھایا اور اس کا اسلامی نام رکھا۔ تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر اسے مبارکباد دی اور اس پر گل پاشی کی۔

کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تاحیات رفاقت لینے والے 15 افراد میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کی طرف سے 24 دسمبر کے پروگرام میں خدمات سرانجام دینے والے کارکنان کو حسن کارکردگی کی اسناد پیش کی گئیں۔ کانفرنس میں بذریعہ قرعہ اندازی ایک خوش نصیب کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دیا گیا۔ میلاد مصطفے صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے تمام شرکاء کو تسبیح، ٹوپی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب کا تحفہ پیش کیا گیا اور ضیافتِ میلاد تقسیم کی گئی۔

پروگرام کا اختتام مشن کی کامیابی، پاکستان کے استحکام، دنیا سے دہشتگردی کے خاتمے اور شیخ الاسلام کی درازئ عمر کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ: علی رضا (سیکٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top