حکمرانوں کے نام نہاد ترقیاتی منصوبے عوام کے ڈنڈوں کی زد پر ہیں: میجر (ر) محمد سعید

قومی دولت شہریوں کو بے گھر اور بے روزگار کرنے پر صرف ہو رہی ہے
تاریخی عمارات کے حسن کو تباہ کرکے حکمران عالمی جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں
شہباز حکومت اورنج لائن جیسے خونی منصوبوں کی وجہ سے اگلا الیکشن ہارے گی، وفد سے ملاقات

للاہور (27 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کے ترقیاتی منصوبوں کا استقبال ڈنڈوں سے کر رہے ہیں۔ لاہور کے رہائشی اورنج لائن خونی منصوبے کی وجہ سے ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ تاریخی عمارات کے قدرتی حسن کو تباہ کرکے حکمران عالمی جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اسلاف کی نشانیوں کو مٹانے والے حکمران ملک و قوم دونوں کے مجرم ہیں۔ قومی دولت ایک شخص کی زد کی وجہ سے شہریوں کو بے گھر اور بے روزگار کرنے پر صرف ہو رہی ہے۔ شہباز حکومت اورنج لائن جیسے منصوبوں کی وجہ سے اگلا الیکشن ہارے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرو اور اورنج لائن منصوبے کے متاثرین سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ آج تو لاہور کے عوام نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کا استقبال ڈنڈوں سے کر رہے ہیں، وہ وقت قریب ہے جب جوتوں سے کریں گے۔ پنجاب حکومت کے ان عوام دشمن منصوبوں نے نہ صرف لوگوں کو بے روزگار کیا ہے بلکہ مواصلاتی نظام بھی تباہ کر دیا ہے۔ گیس، بجلی اور ٹیلی فون کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ ان منصوبوں کی زد میں آنیوالے سکول، پارک، قبرستان اور ہسپتال تک گرائے جا رہے ہیں۔ بد امنی اور حکمرانوں کے عوام دشمن نا م نہاد ترقیاتی منصوبے مشکلا ت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ بے بس عوام اپنی داستان غم کسے سنائیں؟عوام کب تک خاموش اور جھوٹے حکمرانوں کی طفل تسلیاں قبول کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے میگا خونی منصوبے آئے روز عوام کی جانیں لے رہے ہیں۔ درجنوں قیمتی جانیں میٹرو اور اورنج ٹرین کی نذر ہو چکی ہیں جس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔ عوام کو نہ تو روزگار میسرہے اور نہ صحت کی سہولتیں۔ پنجاب میں کبھی ڈینگی کا حملہ ہوتاہے تو کبھی سوائن فلو کا۔ موجودہ حکمران ملک پر عذاب کی صورت مسلط ہیں جب تک یہ قاتل اور نااہل حکمران اقتدا ر میں رہے گے اس وقت تک عام آدمی کی حالت نہیں بدل سکتی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top