قومی دولت، تعلیم اور روزگار کے منصوبوں پر خرچ کی جائے: ڈاکٹر حسین محی الدین

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکن اقبال کے شاہین اور فکر انقلاب کے داعی ہیں: صدر منہاج القرآن

لاہور (7 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو انتہا پسندی اور دہشتگردانہ سرگرمیوں سے بچانے کےلئے قومی دولت اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیرئیر کونسلنگ اور روزگار کے منصوبوں پر خرچ کی جائے۔ نوجوان اقبال کے شاہین، ڈاکٹر طاہرالقادری کی انقلابی فکر کے داعی اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، عاصم انقلابی اور تجمل حسین نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہاکہ بد قسمتی سے حکومتیں عوام کے مسائل اور ضروریات کو سامنے رکھنے کی بجائے اپنے مادی اور سیاسی مفادات کے تحت قومی دولت کا استعمال کرتی ہیں جس کا نتیجہ سوسائٹی میں انتشار اور بے یقینی کی صورت میں سامنے آتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اورنج لائن، میٹرو بسوں جیسے منصوبوں پر اربوں کھربوں روپے مقررہ مدت کے اندر خرچ ہو جاتے ہیں تو پھر تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور تعلیمی ترقی کے منصوبے جب سے پاکستان بنا ہے نامکمل کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار کو عام کئے بغیر پاکستان میں امن قائم ہو گا اور نہ ہی دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہو گا۔ حکمرانوں کو قومی دولت کے استعمال کے حوالے سے اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قومیں اورنج، میٹرو منصوبوں سے نہیں بلکہ علمی درس گاہوں کی شان و شوکت سے پھلتی پھولتی اور ترقی کرتی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے علم کے فروغ، ضرب امن مہم کے حوالے سے ایم ایس ایم کے نوجوانوں کی خدمات کو سراہا اور امن مہم کے حوالے سے بھر پور کردار ادا کرنے پر ایم ایس ایم کے سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کو تعریفی اسناد دیں۔

تنویر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مصطفوی انقلاب کا ہر اول دستہ ہے، یہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس کا ہر رکن امن کےلئے کام کر رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top