اپوزیشن جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پارلیمنٹ میں قرارداد لائیں: عوامی تحریک

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دلوانے کےلئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا
خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید، بشارت جسپال کی تنظیمی اجلاس سے گفتگو

لاہور (15 فروری 2016) پارلیمنٹ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کےلئے عملی کردار ادا کرے، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے انصاف دلوانے کےلئے پارلیمنٹ میں قرارداد لائیں اور اس پر بحث کروائیں۔ ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود بھی شہدا کے ورثا کو انصاف کیوں نہیں مل سکا۔ قاتل حکمران کٹہرے میں کھڑے نہ ہوئے تو بے گناہ لوگ مرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید اور صوبائی صدر بشارت جسپال نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ پارلیمنٹ میں بیٹھی ہوئی اپوزیشن جماعتیں حکومت کو نیچا دکھانے کےلئے ماڈل ٹاؤن سانحہ کا ذکر کرتی ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دلوانے کےلئے انہیں عملی کردار بھی ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث دہشتگرد اور قاتل حکمران بچ نہیں سکیں گے، انصاف اور قانون کی عدالت میں حکومتی بربریت کا مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن جماعتیں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیمیں انصاف کےلئے مظلوموں کا ساتھ دیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا۔

میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ دہشتگردی کی عدالت ابھی تک پولیس کی درج کروائی گئی جھوٹی ایف آئی آر اور جھوٹے گواہوں پر بحث کر رہی ہے۔ پولیس نے دہشتگردی کی عدالت میں جھوٹا چالان اور جھوٹے گواہ پیش کئے اور دہشتگردی کی عدالت اسی کی سماعت کررہی ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آ ر کونظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 21 ویں صدی آزاد میڈیا اور نام نہاد جمہوریت کے ہوتے ہوئے انصاف کا خون ہو رہا ہے۔

عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہاکہ کوٹلی آزاد کشمیر میں پی پی کے کارکن کے بیہمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جب تک شریف برادران اقتدار سے الگ نہیں ہونگے، بے گناہوں کا قتل عام ہوتا رہے گا۔ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے، آخری فتح مظلوموں اور شہیدوں کی ہوگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top