پنجاب میں معاشی دہشتگردوں کے خلاف رینجرز آپریشن ناگزیر ہو گیا: عوامی تحریک

وزیر اعظم نے نیب کو دھمکی دے کر اپنے اختیارات سے تجاوز کیا: میجر (ر) محمد سعید

لاہور (19 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزراءکی طرف سے نیب کو ڈرانے دھمکانے کے بعد سندھ کی طرح پنجاب میں بھی معاشی دہشتگردوں کے خلاف رینجرز آپریشن ناگزیر ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ کہنا سچ ثابت ہو گیا کہ حکمران خاندانوں کا دہشتگردی، کرپشن اور لوٹ مار پر مک مکا ہے، جب قانون کا ہاتھ ان کے گریبانوں تک آتا ہے تو یہ اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب کو دھمکیاں دیکر اپنے عہدے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، لہٰذا وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت بطور وزیراعظم برقرار رہنے کے قابل نہیں رہے۔

میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ ’’نیبی اور عیبی‘‘ حکمرانوں کی معاشی دہشتگردی کے خلاف فوج اور رینجرز کی نگرانی میں پنجاب میں آپریشن فوری شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھرب پتی میاں منشاء کے 2 گھنٹے نیب کے دفتر میں گزرنے پر سیخ پا حکمران بتائیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پولیس کی طرف سے درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر اور چالان کے تحت عوامی تحریک کے 42 بے گناہ کارکنوں کو 8 ماہ سے روزانہ آٹھ آٹھ گھنٹے دہشتگردی کی عدالت میں کیوں کھڑا رکھا جاتا ہے حالانکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے حکمرانوں کی ہدایت پر 14 بے گناہ شہریوں کو قتل اور 85 کو شدید زخمی کیا جس کے ویڈیو ثبوت بھی دنیا دیکھ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی دہشتگرد حکمران مزید مسلط رہے تو ملک تباہ ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top