حکمران عورتوں کو حقوق دینے کے نام پر انہیں تماشا بنارہے ہیں: فیض الرحمن درانی
ریاست کے ذمے عورت کا سب سے پہلا حق تعلیم، تحفظ، انصاف اور روزگار
ہے جس پر حکمرانوں کی کوئی توجہ نہیں ہے
حکمران خواتین کو وہ حقوق دینا چاہتے ہیں جو کبھی انہوں نے مانگے ہی نہیں، جمعتہ المبارک
کے اجتماع سے خطاب
لاہور (26 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام نے چودہ سوسال قبل عورتوں کے حقوق متعین کر دئیے تھے، عورتوں کو حقوق دینے کے نام پر آج یہ بے عمل حکمران انہیں تماشا بنارہے ہیں، عورت کا سب سے پہلا حق جو ریاست کے ذمے ہے وہ تعلیم، تحفظ، انصاف اور روزگار ہے جس کی طرف حکمرانوں کی کوئی توجہ نہیں ہے، مغربی معاشرے کی نظر میں محترم بننے کے خواہشمند حکمران اپنی اقدار اور روایات کو پامال کررہے ہیں، حکمران خواتین کو وہ حقوق دینا چاہتے ہیں جو کبھی انہوں نے مانگے ہی نہیں، معاشی انصاف اور تعلیم کو عام کیے بغیر عورت بااختیار ہو سکتی ہے اور نہ ہی کوئی مرد، حیرت ہے بلدیاتی انتخابات میں عورتوں کی نمائندگی کو کم کرنے والے حکمران آج عورتوں کو اپنے شوہروں کو گھروں سے نکالنے کیلئے سہولت مہیا کررہے ہیں، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ بعض جاہل مرد اپنی عورتوں کے ساتھ ناروا سلوک کرتے ہیں جس کی بڑی وجہ غربت اور جہالت ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن اور مکمل دستور حیات ہے، دین اسلام پرامن اور مستحکم معاشرے کی تشکیل کا درس دیتا ہے، دین اسلام ایسے افعال اور کردار کا حکم دیتا ہے جن کی وجہ سے پرامن اور مستحکم معاشرہ وجود میں آئے، اسلام معاشرے کی اصلاح کرتا ہے اور معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرتا ہے، بے انصافی اور ظلم سے معاشرے تباہ و برباد ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام زندگی کی تمام جہتوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، اسلام معاشرے میں بے انصافی و قانون شکنی کو رد کرتا ہے، رشوت، سفارش، بے انصافی اور اقرباء پروری کی وجہ سے معاشرے میں بے چینی اور بے اعتمادی پیدا ہو رہی ہے، اسلام میں عدل و انصاف کا دائرہ کار صرف عدالتوں تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر معاملے میں اس کی ضرورت ہے، دنیا کا نظام عدل و انصاف کی وجہ سے قائم ہے، خرید و فروخت، لین دین اور ناپ تول میں بے انصافی نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ احکامات خداوندی پر عمل پیرا ہونا بہرین معاشرے کی ضمانت ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے قانون کی بالادستی، عدل و انصاف کا آزاد و خودمختار نظام لازمی ہے، نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے ملکی سلامتی، خوشحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ