اسلام آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ این اے 48 اسلام آباد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر 27 فروری 2016 کو قائد ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا جس کی مہمان خصوصی منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید تھیں۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت، لیڈی کونسلر سیما طاہر، مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل شمائلہ افضل سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قائد ڈے کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت سائرہ راشد نے حاصل کی۔ شبانہ عظیم نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر مسز روبینہ سہیل نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری عالمی سفیر امن ہیں۔ ان کا بڑے سے بڑا مخالف بھی ان کے علمی و تحقیقی کارناموں کا معترف ہے۔ وہ پوری دنیا میں پاکستان کا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شییخ الاسلام کی انقلابی جدوجہد نے عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا ہے جس سے خواتین اور نوجوانوں میں اپنے حقوق کے حصول کا جذبہ بیدار ہوا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان اور عالمِ اسلام کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں سے پوری دنیا میں اسلام کے چہرے پر لگے دہشتگردی کے بدنما داغ کو دھویا اور اسلام کے حقیقی تشخض کو اجاگر کیا ہے۔ ان کا کیا ہوا علمی و تحقیقی کام صدیوں تک امت مسلمہ کے کام آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی مرتب کردہ ’فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کا اسلامی نصاب‘ تحریک منہاج القرآن کی ضربِ امن مہم ملک میں حقیقی امن کی طرف ایک قدم ہے۔ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اس مہم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ آنی والی نسلوں کے لیے انتہاپسندی اور دہشتگردی سے پاک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔

تقریب سے منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ نعت کونسل نے تحریکی و انقلابی نغمے پیش کیے جنہیں تقریب کے شرکاء نے سراہا۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ مسز انیسہ نے شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی، درازئ عمر اور مصطفوی مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top