منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی ٹیلنٹ ایکسیلنس ایوارڈ تقریب

مورخہ: 26 اگست 2008ء

(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن میں منہاج ماڈل سکولز کے میٹرک کے حالیہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب مورخہ 26 اگست 2008ء کو منعقد ہوئی۔ اس تقریب کو ٹیلنٹ ایکسیلنس ایوارڈ کے نام سے غزالی ہال لاہور میں منعقد کیا گیا۔ ایوارڈ تقریب کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھائی سید بلال گیلانی مہمان خصوصی تھے۔ نائب امیر تحریک بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، پرائیویٹ سکولز کے چیئرمین ادیب جاودانی، پروفیسر محمد رفیق سیال، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی شاہد لطیف قادری، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سوسائٹی سردار محمد اقبال، کنٹرولر امتحانات سیف اللہ بھٹی اور دیگر قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ اس تقریب میں ملک بھر میں 5 سو سے زائد منہاج ماڈل سکولز کے انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری بورڈز امتحانات میں 80 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔

اس موقع پر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد لطیف نے تعارفی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے عظیم الشان تعلیمی منصوبہ کے تحت ملک بھر میں 572 منہاج ماڈل / پبلک سکولز قائم ہیں۔ ان سکولز میں ہزاروں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم اور اعلیٰ سیرت و کردار کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ الحمد للہ دنیا کے سب سے بڑے پرائیوٹ تعلیمی نیٹ ورک کو قائم کرنے کا سہرا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سر ہے جنہوں نے اس قوم کو علم و شعور دینے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ایوارڈ تقریب میں ملک بھر سے منہاج ماڈل سکولز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے علاوہ 80 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات بھی شرکت کر رہے ہیں۔ ہم نے پوزیشن ہولڈرز کے علاوہ 80 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے بھی خصوصی انعامات کا اہتمام کیا ہے۔

مہمان خصوصی سید بلال گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کا سرمایہ ہیں۔ وہ اس دور میں کم وسائل کے باوجود تعلیم کے مشن کو گھر گھر تک پہنچا رہے ہیں۔ اس کا سارا کریڈٹ صرف ان کو جاتا ہے۔ ان جیسی علمی شخصیات صدیوں کا اثاثہ ہیں۔ اس لیے ہمیں اجتماعی طور پر ایسی شخصیات اور منہاج القرآن جیسے اداروں کا عملی ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں منہاج القرآن کے اس عظیم تعلیمی منصوبہ کو سراہتا ہوں۔ اگر یہ کوششیں جاری رہیں تو ملک سے جلد جہالت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کہا کہ سرسید احمد خان نے ایک علی گڑھ دیا تھا جبکہ منہاج القرآن کے سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے قوم کو ایک سو علی گڑھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ الحمدللہ آج کی یہ تقریب اسی مقصد کا حصہ ہے۔ آج اس تقریب میں ان تمام پوزیشن ہولڈرز کو سیلوٹ کرتا ہوں جنہوں نے اپنی کوششوں سے اپنا اور اپنے والدین سمیت منہاج ماڈل سکولز کا نام روش کیا۔ اگر ایسے طلبہ و طالبات ملک کی ترقی میں آگے بڑھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ ملک ترقی نہ کرے۔

تقریب میں پروفیسر محمد رفیق سیال، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان اور غلام رسول یزدانی نے بھی اظہار کرتے ہوئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی اس کاوش کو بے حد سراہا۔ تقریب میں زاہد چوہدری، اقبال شریف، پروفیسر مدثر اعوان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ آخر میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں ایوارڈ، میڈل، ٹرافیاں اور کمپیوٹرز سمیت نقد انعامات بھی دیئے گئے۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top