منہاج اوورسیز کی نئی اردو ویب سائٹ کا افتتاح
مؤرخہ 4 ستمبر 2008ء کو منہاج اوورسیز کی نئی اردو ویب سائٹ جاری کر دی گئی۔ اس ویب سائٹ پر تحریک منہاج القرآن کے تحت بین الاقوامی سطح پر ہونے والی علمی و فکری، تعلیمی و ثقافتی اور بین المذاہب رواداری کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں کو شائع کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں تحریک اور اس کے مرکزی شعبہ جات کا تعارف، سرگرمیاں، سرکلرز اور قائدین کے انٹرویوز بھی پیش کئے گئے ہیں۔ سرورق پر پیش کردہ اہم حصوں میں تحریکی سرگرمیاں، فلاحی سرگرمیاں، خواتین کی سرگرمیاں، آرٹیکلز، پریس ریلیز، ملٹی میڈیا، گوشہ درود اور تحریکی لٹریچر پر مبنی پانچ اہم ویب سائٹس شامل ہیں۔
ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں واقع منہاج انٹرنیٹ بیورو میں ہوئی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز کے احباب بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین نے ویب سائٹ کی تفصیلی بریفنگ دی اور اس پر مہیا کردہ سہولتوں سے مہمانان گرامی کو آگاہ کیا۔ ناظم اعلی صاحب نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق تحریک منہاج القرآن کی نئی اردو ویب سائٹ بنانے کے بعد منہاج اوورسیز کی نئی اردو ویب سائٹ بنانے پر خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے اردو دان طبقے تک بیرون ممالک تحریک منہاج القرآن کا پیغام زیادہ احسن طریقے سے پہنچ سکے گا۔
یاد رہے کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم اس اردو ویب سائٹ کے علاوہ پہلے سے تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبوں کے لئے دو درجن کے قریب ویب سائٹس بنا چکی ہے۔
تبصرہ