خاندانی جمہوری نظام نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں، عوامی تحریک شعبہ خواتین

مورخہ: 12 مارچ 2016ء

وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو سرکاری خرچ پر قومی لیڈر بنانے کی ریہرسل ہو رہی ہے
قوم سوئی رہی تو کرپٹ والدین کی نالائق اولاد مسلط ہو جائے گی، مرکزی صدر فرح ناز

لاہور (12 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ خاندانی جمہوری نظام نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں، وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو سرکاری خرچ پر قومی لیڈر بنانے کی ریہرسل ہو رہی ہے اور قومی خزانہ انکی ڈسپوزل پر دے دیا گیا ہے، قوم سوئی رہی تو کرپٹ والدین کی نا لائق اولاد مسلط ہو جائے گی، ڈاکٹر طاہر القادری اسی خاندانی سیاست اور جمہوری نظام کے خلاف سوئی ہوئی قوم کو جگانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں شعبہ خواتین کی تنظیم سازی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔

فرح ناز نے کہاکہ صرف وزیر اعظم کی بیٹی ہونے کی حیثیت سے مریم نواز قومی خزانے کی بند بانٹ میں مصروف ہیں جسکا کا کوئی قانونی، اخلاقی اور جمہوری جواز نہیں ہے کیا دنیا کے کسی ملک کے سربراہ کا خاندان اس طرح قومی دولت اور اختیارات استعمال کرتا ہے جیسے پاکستان میں ہو رہا ہے؟ فرح ناز نے کہا کہ شریف خاندان 30 سال سے اقتدار میں ہے، مریم نواز بتائیں کہ انہوں نے اس ظالمانہ نظام کی زخم خوردہ کروڑوں خواتین کے حقوق اور امپاورمنٹ کیلئے کوئی عملاً خدمت انجام دی؟ ہر سال 30 ہزار خواتین طبی سہولیات کے فقدان کے باعث موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں، مراعات یافتہ خاندانوں کے بگڑے ہوئے بچے ہر سال سینکڑوں خواتین کی بے حرمتی کرتے ہیں، پنجاب میں آج بھی 52فی صد بچیوں نے سکول کا منہ تک نہیں دیکھا، 70 فی صد اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین روزگار سے محروم ہیں۔ آج تک پاکستان کے امیر کبیر وزیراعظم کی بیٹی کو اس حوالے سے ایک بیان دینے کی بھی توفیق نہ ہوئی۔ خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی اور پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے مریم نواز نے آج تک کسی سیمینار میں شرکت کی نہ ہی عملی طور پر اپنے محل نما گھر سے باہر قدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، کمیشن اور کک بیکس کی کمائی سے دنیا کے امیر ترین خاندانوں میں جگہ بنانے والے ان خاندانوں کی بیگمات کو اب پاکستان کے غریب عوام اور محروم خواتین کا مذاق نہیں اڑانے دیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ پوری حکمران جماعت کے اندر کوئی ایک بھی خاتون ایسی نہیں ہے جو اس خاندانی نظام اور بادشاہت کے خلاف ایک لفظ بول سکے، کیا حکمران جماعت میں کوئی ایک بھی قابل خاتون نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پراجیکٹ ہو یا خواتین کیلئے اربوں روپے کے قرضوں کی منصوبہ بندی تمام فیصلے مریم نواز کر رہی ہے، جب تک یہ ظالمانہ نظام رہے گا خاندانی بادشاہت اور ریمورٹ کنٹرول جمہوریت قوم پر مسلط رہے گی اور قومی خزانہ نالائق اولادوں کے ہاتھوں بر باد ہوتا رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top