ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہلی ایئرپورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال

مورخہ: 13 مارچ 2016ء

منہاج القرآن انڈیا تنظیم کے صدر ناد علی کی قیادت میں سینکڑوں کارکنان نے استقبال کیا
صوفیائے کرام کی انسان دوستی پر مبنی تعلیمات کے خطہ پر گہرے اثرات ہیں:ڈاکٹر طاہرالقادری کی رپورٹ پر گفتگو

لاہور (13 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچنے پر منہاج القرآن انڈیا تنظیم کے عہدیداروں اورکارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے ہی لاؤنج سے باہر نکلے تو عہدیداروں ،کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کی آمد پر فلک شگاف نعرے لگائے اور انہیں والہانہ انداز میں خوش آمدیدکہا۔ منہاج القرآن بھارت کے صدر ناد علی کی قیادت میں کارکنوں، عہدیداروں نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔ایئرپورٹ پر سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں سے مختصر گفتگو کی اور کہا کہ منہاج القرآن دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنا عالمی اسلامی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرزمین پر صوفیائے کرام کی انسان دوستی پر مبنی تعلیمات کے گہرے اثرات اور ثمرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے فروغ امن نصاب کی اشاعت کے بعد بھارت کے تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ میں بھارت آؤں اور فروغ امن نصاب کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کروں تو اللہ نے عالمی صوفی کانفرنس کے انعقاد کی صورت میں مجھے یہاں آنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔ صوفیائے کرام کی روشن تعلیمات ،احترام آدمیت اور رواداری پر مبنی باعمل زندگی اس کا قابل تقلید ثبوت ہے۔ ایئرپورٹ سے رہائش گاہ تک تمام راستے کو خیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا۔ سربراہ عوامی تحریک 20 مارچ کو عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرینگے۔ سربراہ عوامی تحریک نے 13 مارچ کو آرام کیا اور آج 14 مارچ سے اپنی تنظیمی مصروفیات کا آغاز کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top