ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم - مارچ 2016‎

مورخہ: 05 مارچ 2016ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر 05 مارچ 2016ء کو گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا انعقاد ہوا، جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کیا۔ پروگرام میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور سمیت مختلف شعبہ جات کے ناظمین، مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف ممبران، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ و طلبہ اور گوشہ نشینان سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان شریک تھے۔

مجلس ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بلالی برادران اور شہزاد برادران نے بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ توصیف پیش کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے رسالہ ’ایھا الولد‘ سے تربیتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح علم اور نصیحت اس وقت تک معتبر اور ثمرآور نہیں ہوتی جب تک عمل کا روپ اختیار نہ کرلے اسی طرح رفاقت کا اس وقت تک فائدہ نہیں ہے جب تک ذمہ داری ادا نہ کی جائے۔ دنیا و آخرت کی بھلائی اور قلبی سکون اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہدایت کے مطابق زندگی کے شب روز گزارنے میں ہے۔ اطاعت اور بندگی کی قبولیت کی اولین شرط یہ ہے کہ وہ اخلاص پر مبنی ہو۔ ضروری ہے کہ زندگی اعمال سے خالی نہ ہو اور اعمال احوال سے خالی نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انسان کبھی توبہ سے بےنیاز نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ روحانی ترقی کا راستہ ہے۔ جب انسان کو اپنے گناہوں کا احساس ہوجائے تو یہ توبہ کی طرف پہلا قدم ہوتا ہے۔ یہیں سے گناہ کو چھوڑنے اور نیکی کی طرف بڑھنے کا عزم جنم لیتا ہے۔ گناہوں سے چھٹکارا اللہ تعالیٰ کی توفیق کے بغیر ناممکن ہے۔ شریعت کا قاعدہ ہے کہ کسی شخص کو اس کے عمل پر دوبار سزا نہیں ہوگی، جس نے اپنے جرم کی سزا دنیا میں پالی وہ اس کے وبال سے بری الذمہ ہے۔ جرم پر خوشدلی سے خود کو حد کے نفاذ کے لیے پیش کرنا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سنت ہے۔

مجلس کے اختتام پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے گوشہ نشینان میں اعزازی اسناد تقسیم کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top