بھارت، پاکستان دو حقیقتیں، بجٹ غربت کی آگ بجھانے پر خرچ کیا جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 20 مارچ 2016ء

رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں امن نصاب پڑھایا جائے، داعش کفر ہے
14 سو سال کی اسلامی تاریخ میں کسی صوفی نے کفر کا فتویٰ نہیں دیا، نئی دہلی میں ’’صوفی کانفرنس‘‘سے خطاب
انڈین نیشنل ٹی وی چینل نے سربراہ عوامی تحریک کا خطاب براہ راست دکھایا، کانفرنس میں ہزاروں کی شرکت

لاہور (20 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد منہاج القرآن کے بانی وسر پرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نئی دہلی میں منعقدہ چار روزہ عالمی صوفی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈیا دو حقیقتیں ہیں، دونوں ملک ایک دوسرے کو دشمن نہ سمجھیں، 4 جنگیں بھی لڑ لیں بالاخر مذاکرات کی میز پر آنا پڑتا ہے، دونوں ملکوں کا اصل دشمن داعش ہے، پائیدار امن، ترقی اور استحکام کیلئے بجٹ غربت کی آگ بجھانے پر خرچ کیا جائے، علاقائی تنازعات حل اور دہشتگرد گروپوں کا سیاسی استعمال بند ہونا چاہیے۔ غربت اور جہالت کو ختم کر کے نوجوانوں کو دہشتگرد گروپوں کا حصہ بننے سے روکا جا سکتا ہے، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اس کا گلے کاٹنے والوں سے کوئی تعلق نہیں۔ رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں امن نصاب پڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 14 سو سال کی اسلامی تاریخ میں کسی صوفی نے کفر کا فتویٰ جاری نہیں کیا۔ صوفیائے کرام نے پیار اور انسانیت کے احترام کا سبق دیا۔ صوفیائے کرام نے لوگوں کو اسلام کے دائرے میں داخل کیا اور تکفیری گروپوں نے لوگوں کو اسلام کے دائرے سے نکالا۔ اسلام کی سر بلندی، احترام آدمیت اور پر امن معاشروں کی تشکیل کیلئے پھر سے صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا اور خانقاہی نظام کو فعال بنانا ہو گا، انہوں نے کہاکہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ بعض مسلمان ممالک نے فرقہ واریت کو پھیلانے پر کھربوں ڈالر خرچ کئے، امت کو تقسیم اور منتشر کیا گیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہر کلمہ گو مسلمان محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امن اور پیار والا پیغام لے کر باہر نکلے اور خوارج اور تکفیری گروہوں کے خلا ف نبرد آزما ہو۔

انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ داعش کفر ہے جو حلال حرام کی تمیز ختم کر رہے ہیں، جو شراب، خنزیر کو حلال اور بے گناہوں کو بے رحمی سے قتل کرنا جائز سمجھتے ہیں۔ دنیا کی تمام حکومتوں، انسانی معاشروں بالخصوص مسلم ریاستوں کو داعش کے خلاف مشترکہ حکمت عملی طے کرنی ہو گی۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ یہ داعش اور القاعدہ اور دہشت گرد گروپس نئے نہیں ہیں یہ دجال کی آمد تک مختلف شکلوں میں ظاہر ہوتے رہیں گے اس تکفیری گروہ نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کو 25 سال تک گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا، امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے خلاف تکفیری تحریکیں چلائیں۔ امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ کو کوڑے لگوائے، بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ ، امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے خلاف کفر کے فتوے دئیے اور انکی کتب کو جلایا یہ وہ ہستیاں ہیں تاریخ نے جن کے حق میں فیصلہ دیا اور آج انہیں ہستیوں کی تحقیقی کتب علمی سفر کا پہلا زینہ ہیں اور تکفیری گروہوں کا تاریخ میں منہ کالا ہوا، آئیندہ بھی انکا یہی انجام ہے، احادیث مبارکہ کے مطابق یہ فتنے قیامت تک ظاہر ہوتے رہیں گے ان کی ہلاکت خیزیوں سے غفلت کا ارتکاب انسانیت کیلئے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن فتنہ خوارج کے خلاف دنیا کے کونے کونے میں حق کی آواز بلند کر رہی ہے۔

سربراہ عوامی تحریک کا خطاب انڈین نیشنل چینلز نے براہ راست دکھایا، صوفی کانفرنس کا اہتمام آل انڈیا علما مشائخ بورڈ کی طرف سے کیا گیا تھا۔ سربراہ عوامی تحریک خطاب کیلئے آئے تو ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہو کر انکا استقبال کیا اور خیر مقدمی نعرے لگائے۔ دنیا کے 20 ممالک کے 40 سے زائد علماء، مشائخ، سکالرز کانفرنس میں شریک ہوئے۔

صوفی کانفرنس نئی دہلی رام لیلا میدان میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی پاکستان سے منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین بھی کانفرنس میں شریک ہوئے، کانفرنس میں ہندو مذہب کے پیشوا اور دیگر مذاہب کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بامقصد اور کامیاب صوفی کانفرنس کے انعقاد پر علماء مشائخ بورڈ کے جملہ ذمہ داران و ممبران کو مبارکباد دی۔

تصوف تفرقے مٹا کر وحدت، نفرت مٹا کر محبت اور تکبر کو مٹا کر عجز و انکساری پیدا کر لینے کا نام ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری#DrQadriAtWorldSufiForum

Posted by Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri on Sunday, March 20, 2016

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top