ڈاکٹر طاہرالقادری کی برسلز دھماکوں اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت

مورخہ: 22 مارچ 2016ء

دنیا کی تمام قانونی، جمہوری حکومتیں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کریں، دبئی ایئر پورٹ سے گفتگو

لاہور(22 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے برسلز دھماکوں اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کی اموات پر دلی دکھ ہے۔ اس کھلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے دہشگرد گروپس بلا تفریق اور رنگ و نسل اقوام عالم کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی، معاشی و حکومتی، مسلکی، مذہبی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری دنیا کی حکومتیں دہشتگردی کے خلاف ایک میز پر بیٹھیں اور دنیا کو امن کا گہوارا بنانے کیلئے ایک واضح لائحہ عمل طے کریں، انہوں نے کہاکہ جب ملکوں کے ملک جلتے ہوئے نظر آئینگے تو اسکی حدت دنیا کے ہر خطے کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کبھی بھی اس قدر بد امنی اور بے انصافی کا شکار نہیں رہی جتنی آج ہے۔ دہشت گرد حدود و قیود سے باہر نکل کر ہر ملک اور ہر معاشرے کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، دنیا کی تمام قانونی، جمہوری حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف اپنے وسائل اور صلاحیت کو برؤے کار لائیں۔ وہ گذشتہ روز دبئی ائر پورٹ سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید، تحریک منہاج القرآن کے ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنزسہیل احمد رضا نے بھی برسلز میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top