آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کا قائد ڈے سیمینار

بانی و سرپرستِ علیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر اظہارِ تشکر، تجدیدِ عہد اور شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی، درازئ عمر اور قیام امن کے لیے آپ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈبلن، آئرلینڈ کے زیرِاہتمام قائد ڈے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان اور مسلم کمیونٹی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے مرکزی رہنماء اور پاکستان عوامی تحریک کے کوآرڈینیٹر شیخ علامہ حافظ ابو آدم الشرازی تھے۔

سمینار کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد جنید بغدادی نے حاصل کی، جبکہ منہاج القرآن آئرلینڈ کے جنرل سیکرٹری رضوان احمد نے نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے راہنماء وسیم بٹ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شیخ الاسلام کی سالگرہ پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ عام طور پر قابلِ قدر شخصیات کی خدمات کا تذکرہ ان کی وفات کے بعد کیا جاتا ہے جو کہ المیہ ہے۔ شیخ الاسلام کی حیات میں ان کی خدمات کا اعتراف اس بات کی دلیل ہے کہ بلاشبہ وہ ایک تاریخ ساز ہستی ہیں اور تاریخ ایسے ہی لوگوں کو سلامی پیش کرتی ہے۔

شیخ ابوآدم الشرازی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری رواں صدی کے مجدد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک قائد کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ صداقت، عدالت، شجاعت کا پیکر اور وسیع النظر ہوتا ہے۔ وہ متحرک، جان پرسوز اور اعلیٰ کردار و گفتار کا مالک ہوتا ہے۔ یہ ساری خصوصیات شیخ الاسلام کی شخصیت میں نظر آتی ہیں۔ اللہ تعالی کا ہمارے اوپر بہت بڑا کرم ہے کہ جس نے شیخ الاسلام جیسی شخصیت اس دور میں ہمارے درمیان بھیجی۔ اگرچہ دور حاضر میں عالم اسلام کی کئی شخصیات خدمت دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں لیکن اگر ان کی خدمات کا جائزہ لیا جائے تو شیخ الاسلام کی ہمہ جہت شخصیت سرفہرست نظر آتی ہے۔ جو ہمہ جہتی زوال کے خاتمے کیلئے حقیقی معنوں میں تجدیدِ دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اس لیے بجا طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ موجودہ دور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دور ہے۔

سیمینار سے منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے صدر پیر غلام دستگیر نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ مختلف میدانوں میں اس مقام و مرتبہ پر فائز ہیں کہ ان کی قامت کی شخصیت موجودہ دور میں کہیں نظر نہیں آتی۔ پاکستان تحریک انصاف آئرلینڈ کے صدر چوہدری عمران خورشید نے سیمینار سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ نے شیخ الاسلام کے یوم پیدائش پر تما م پارٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے خوبصورت مثال قائم کی ہے جس پر میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

قائد ڈے کی تقریب میں سید سجاد شاہ، وارث علی، محمد نواز لانگ شورڈ، محمد ریاض، محمد رمضان، معید رضا، مدثر علی اور چوہدری عارف سمیت دیگر پارٹیز کے عہدیداران شریک تھے۔

سمینار کے انتظام و انصرام اور کامیاب انعقاد میں پیر غلام دستگیر، رضوان احمد طور، محمد فیاض احمد، حافط محمد جنید بغدادی، محمد اشفاق، سید ذیشان شاہ، محمد سرفراز، مرزا رضوان عثمان، حسنین شاہ، ملک افتخار، محمد ذوہیب بٹ قادری اور پی ٹی آئی کے چوہدری عارف کی خصوصی کاوشیں شامل تھیں۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top