ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم - اپریل 2016
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ ’مجلسِ ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم‘ کا انعقاد مورخہ 2 اپریل 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ پر ہوا، جس میں قائدین تحریک منہاج القرآن، سٹاف ممبران، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ و طلبہ سمیت عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ بلالی برادران اور شہزاد برادران نے بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ توصیف پیش کیا۔ جس کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب پلے کیا گیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اس کا گلے کاٹنے والوں سے کوئی تعلق نہیں۔ رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں میں امن نصاب پڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 14 سو سال کی اسلامی تاریخ میں صوفیائے کرام نے پیار اور انسانیت کے احترام کا سبق دیا۔ صوفیائے کرام نے لوگوں کو اسلام کے دائرے میں داخل کیا اور تکفیری گروپوں نے لوگوں کو اسلام کے دائرے سے نکالا۔ اسلام کی سر بلندی، احترام آدمیت اور پر امن معاشروں کی تشکیل کیلئے پھر سے صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا اور خانقاہی نظام کو فعال بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ بعض مسلمان ممالک نے فرقہ واریت کو پھیلانے پر کھربوں ڈالر خرچ کئے، امت کو تقسیم اور منتشر کیا گیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہر کلمہ گو مسلمان محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امن اور پیار والا پیغام لے کر باہر نکلے اور خوارج اور تکفیری گروہوں کے خلا ف نبرد آزما ہو۔
تبصرہ