فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور آج کا پاکستان‘‘ سیمینار
تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام مورخہ 21 اپریل 2016ء کو ’’فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور آج کا پاکستان‘‘ سیمینار کا انعقاد منہاج القرآن اکیڈمی نگہبان پورہ میں کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نوازانجم اور میاں کاشف محمود نے خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانوں میں میاں اکرام الحق طاہر، عبدالرشیداعوان، حاجی نصیراحمد، سلیمان غازی، ڈاکٹر خالد محمود، استخار احمد اور غلام محمد قادری بھی موجود تھے۔
تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانارب نوازانجم نے کہا کہ آج اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان خطرات میں گھرا ہے۔ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور پاکستان کی حقیقی قیادت سے رہنمائی لیکر ملک کو گرداب سے نکالنے کیلئے میدان عمل میں نکلیں اور عوام میں حقیقی لیڈرشپ کا شعور پیدا کر یں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری حقیقی معنوں میں علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کے امین ہیں۔ ملکی سلامتی کیلئے علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کے تحت آج کا پاکستان تشکیل دیا جانا ضروری ہے۔
میاں کاشف محمود نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان فکر اقبال سے متصادم دکھائی دیتا ہے۔ کسی کی جان و مال اور عزت محفوظ نہیں ہے، اسلام ریاست میں حقوق کا جو تصور دیتا ہے اس کی دھجیاں ہر سو بکھری دکھائی دیتی ہیں۔ قیادت کے بدترین بحران میں گھرے پاکستان کی کشتی طاقتوروں کے تھپیڑوں کے سپرد ہے اس کی کوئی سمت ہے اور نہ منزل۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کو فروغ دینا ہوگا۔ نظریہ پاکستان کے سفر کا آغاز علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے شروع ہوتا ہے جبکہ تکمیل پاکستان کا سہرا طاہرالقادری کے سر ہوگا۔
تبصرہ