منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی سرگرمیاں

مورخہ: 24 اگست 2008ء
منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی ایگزیکٹیو ممبران نے مورخہ 24 اگست 2008ء کو ستاوانگر۔ ناروے کا دورہ کیا۔ اس دورے کی دعوت ڈائریکٹر منہاج القرآن ستوانگر محترم حافظ محمد عابد کاشمیری اور اُن کی مسز محترمہ ساجدہ مصطفیٰ نے دی تھی۔ ایگزیکٹیو ممبران کے ستوانگر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مرکزی عہدیداران نے ستوانگر تنظیم کی بہنوں سے تفصیلی ملاقات کی۔ محترمہ نبیلہ اور محترمہ ثمینہ نے تفصیلی طور پر تمام بہنوں کی کاوشوں کے متعلق بتایا کہ موجودہ حالات میں وہ کس طرح مشن کا پیغام گھرگھر پہنچا رہی ہیں۔ اس کے اگلے روز منہاج القرآن ویمن لیگ ستاوانگر کے زیراہتمام استقبال رمضان المبارک کے حوالے سے خواتین کے لئے ایک خوبصورت محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں دور دراز سے آئی بہنوں نے شرکت کی۔ ویمن لیگ ناروے کی نائب صدر محترمہ شفقت باجی نے تنظیمی تعارف پیش کیا اور بتایا کہ منہاج القرآن کا تنظیمی نیٹ ورک کس طرح کام کررہا ہے اور ناروے میں کون کون سے فورمز کام کررہے ہیں خاص طور پر ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز اوسلو میں زبردست کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ اس تقریب کی خوبصورت بات وقفہ وقفہ سے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور درود پاک کا سلسلہ تھا۔ تمام وقت ھال درود پاک سے گونجتا رہا۔

ویمن لیگ ناروے کی صدر رافعہ رؤوف نے اپنا خطاب دوحصوں میں کیا۔ پہلے حصے میں انہوں نے رمضان المبارک کے فضائل و برکات بیان کئے۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ اس مہینے کی برکات و سعادات تبھی حاصل کی جاسکتی ہیں جب ہم خلوص دل، نیک ارادے اور رات کے قیام کواختیار کریں رمضان المبارک کو اللہ تعالیٰ سے نسبت ہے اس لئے اللہ تعالیٰ روزہ داروں کو اپنے دیدار سے نوازتا ہے۔ رمضان المبارک صبر و برداشت، درگزر، ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔

محترمہ رافعہ رؤوف کا دوسرا حصہ منہاج القرآن اور مشن کی اہمیت کے حوالے سے تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلام دین فطرت ہونے کے ناطے زندگی کے ہر معاملے میں نظم وضبط، پابندی وقت اور باقاعدگی پر زور دیتا ہے۔ اس لئے اگر مشن کو اس حوالے سے دیکھا جائے تو یہ اور بھی لازم ہو جاتا ہے کہ ہم کام کریں اور اچھا رزلٹ دیں۔ باقاعدہ ایک تنظیمی ڈھانچے کو تشکیل دیا جائے اور کہا کہ نوجوان بچیوں میں خاص طور پر دینی شعور اور نسبت کو پروان چڑھایا جائے۔ اسلامی تعلیمات اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ اپنے تمام دنیاوی اور دینی معاملات کو اسلامی تصورات کے سانچے میں ڈھالیں۔ افرا تفریح سے نجات حاصل کرکے دنیوی اور اُخروی کامیابیوں اور کامرانیوں کا باب رقم کریں۔ آخر میں انہوں نے بہنوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ بہنیں اپنے آپ کو منہاج القرآن کے ساتھ منظم کریں۔ دین مصطفوی کے فروغ کیلئے اپنی نئی نسلوں کو تیار کریں۔

رپورٹ : نوشازہ حسین (منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top