گوجرہ: تحریک منہاج القرآن کی محفل میلاد مصطفی (ص)

تحریک منہاج القرآن گوجرہ کے رہنما محمد سعید قادری کی رہائش گاہ پر محفل میلاد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں علامہ سہیل احمد شاہ نے خطاب کیا۔ محفل میلاد میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان سمیت عشاقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ علامہ سہیل احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول رحمت صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم قیامت تک انسانیت کے راہنما اور رہبر ہیں۔ موجودہ دور کے فسادات، تشدد، ظلم، جبر، قتل وغارت گری سے اگر انسانیت نجات حاصل کرنا چاہتی ہے تو اس کے لیے پیغمبر آخر الزماں صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی پیروی لازمی ہے۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن امت میں اس شعور کو بیدار کر رہے ہیں کہ اسوہ حسنہ ہی کی پیروی میں ملّت اسلامیہ کو عروج حاصل ہوسکتا ہے۔ ملّت اسلامیہ باطل نظریات کو مسترد کرکے سیرت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چلنے کا عہد کرکے ہی نشاۃ ثانیہ کر سکتی ہے۔

علامہ سہیل احمد شاہ نے تحریک منہاج القرآن کی فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کی مہم ’ضرب امن‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلح دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ اس کی فکری بیخ کنی بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت کو واضح لائحہ عمل دیا ہے، جس کا مقصد اسلام کے چہرے پر لگے دہشتگردی کے داغ کو صاف کرکے اسلام کا اجلا چہرہ دنیا کو دکھانا ہے۔

میلاد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اختتام پر مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف کتب کے تحائف پیش کیے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top