فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کا اجلاس
تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے منتظر ہیں، ظالم اور جابر حکمرانوں نے ہمیشہ غریبوں کو دھوکہ دیا، لیکن اب ظلم کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے۔ جب تک شہداء ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوتے یہ کیس بھی ختم نہیں ہوگا، ہمارے ملزمان وہ حکمران ہیں جو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں، موجودہ حکمران انسانیت اورانسانی حقوق کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی، صوبائی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رانا طاہر سلیم، علامہ عزیزالحسن اعوان، اللہ رکھا نعیم، غلام محمد قادری، رانا غضنفر علی، خالد رفیق سندھو، رانا محمودالحسن، خالد محمود، میاں امجد قادری ودیگر بھی موجودتھے۔
اجلاس سے ضلعی ناظم رب نوازانجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خاندان کو بتانا پڑے گا، کہ انہوں نے دولت کے پہاڑ کہاں سے حاصل کیے۔ بات سوالات اور ٹی او آرز سے آگے نکل چکی ہے۔ موجودہ حکمران باتوں سے نہیں مانیں گے۔ جو حکمران اپنی کرسی کیلئے ماڈل ٹاؤن میں لاشوں کے ڈھیر لگا سکتے ہیں ان کے نزدیک سوالات اور ٹی او آرز کی کیا اہمیت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کھلی کرپشن کی جس کے ثبوت ہر جگہ موجود ہیں۔ ملک میں احتساب کے موثر نظام کے فقدان کے باعث بڑے چور دندناتے پھررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 17 جون 2016 کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دو سال مکمل ہو رہے ہیں ہم شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم شہدا منا رہے ہیں، ان شاءاللہ تعالیٰ 17جون کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی اپنے عوام، شہداء کے ورثاء اور کارکنوں کے درمیان ہو نگے۔ ظالم اورجابر حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہو چکی۔
تبصرہ