منہاج القرآن کے فارغ التحصیل طلبہ کی تنظیم نو، ڈاکٹر ابو الحسن صدر، شہزاد رسول جنرل سیکرٹری منتخب

مورخہ: 18 مئی 2016ء

’’منہاجینز‘‘ ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن پیغام کو دنیا میں عام کر رہے ہیں
آج امن قائم کرنے کے نام پر بد ترین دہشتگردی ہو رہی ہے، سنیئر نائب صدر جواد حامد

لاہور (18 مئی 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل منہاجینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں منہاجین فورم کی تنظیم نو کی گئی، مشاورت اور اکثریتی رائے کے ساتھ ڈاکٹر ابو الحسن الازہری صدر اور شہزاد رسول جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، جبکہ دیگر عہدیداران میں جواد حامد سنیئر نائب صدر، عین الحق بغدادی سیکرٹری انفارمیشن، محمد افضل سیکرٹری فنانس، حافظ نیاز سیکرٹری کوآرڈینیشن نامزد ہوئے۔ اجلاس میں علامہ غلام ربانی تیمور، محمد ثناء اللہ، محمد یامین مصطفوی، محمد علی قادری، سعید اختر، ممتاز الحسن باروی، مقصود نوشاہی سمیت سنیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ابو الحسن نے کہا کہ محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اخلاق و کردار کا جو معیار دے دیا ہے اس پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ’’منہاجینز‘‘ شرق تا غرب محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشبو پھیلا کر دعوت دین کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، اچھا اخلاق، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور یوم آخر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت کا باعث ہو گا۔ امن، سلامتی دین مبین کا تقاضا ہے، مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک اختیار کرتے ہوئے احترام آدمیت کے جذبے کو بیدار کریں۔

سنیئر نائب صدر جواد حامد نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے فکر کے وارث منہاجینز پوری دنیا میں دین مبین کی جو خدمت کر رہے ہیں اسکی بنیاد اللہ اور اسکے رسول سے محبت پر قائم ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو تحقیقی فتویٰ دیا ہے وہ وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے امام احمد بن حنبل رضی اللہ عنہ، امام ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ اور دیگر بزرگوں کی طرح جرات سے حق کو بیان کیا ہے۔ جواد حامد نے کہاکہ آج مسجدیں محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں، دین کا وقار لوٹا جا رہا ہے، امن قائم کرنے کے نام پر بد ترین دہشتگردی ہو رہی ہے، منہاجینز فورم امت کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہا ہے۔

نو منتخب جنرل سیکرٹری شہزاد رسول نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں، انکے دئیے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے، محبت اور امن ایمان کی متاع ہیں، تنگ نظری کی عینک لگا کر اسلام کو محدود کرنے والے ہی انتہا پسند ہوتے ہیں، جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں وہ اپنے اعمال سے اسلام جیسے پر امن دین کو بد نام کر رہے ہیں، تحریک منہاج القرآن دنیا کو محبت، امن و سلامتی کا پیغام دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا، جس دل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہو گی اسی سے سلامتی و امن کے رویے جنم لیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top