وزیراعلیٰ پنجاب کا ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب ‘‘منصوبہ بھی گھوسٹ نکلا: عوامی تحریک
ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں جعلی بھرتیوں، مفت کتابوں کی فروخت کے سکینڈل
کی نیب جلد انکوائری مکمل کرے
بچوں کی مفت کتابیں بیچنے والی حکومت کے خلاف احتجاج کرینگے، یوتھ ونگ، ایم ایس ایم
کا اعلان
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے، بشارت جسپال، مظہر علوی، عرفان
یوسف
لاہور (21 مئی 2016) پاکستان عوامی تحریک نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی طرف سے غریب بچوں کی مفت کتابیں فروخت کرنے، جعلی بھرتیوں اورگھوسٹ طلبا اور اساتذہ کے کروڑوں کے مالی سکینڈل کے منظر عام پر آنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ’’پڑھو پنجاب، پڑھو پنجاب ‘‘منصوبہ بھی بالاآخر سستی روٹی اور گھوسٹ تنوروں کی طرح فراڈ ثابت نکلا۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا کہ مذکورہ سکینڈل پر نیب فوری کارروائی مکمل کرے اور تعلیم کے نام پر لوٹ کرنے والوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ تعلیمی کرپشن کے اس سکینڈل سے وزیراعلیٰ پنجاب کی کرپشن فری نام نہاد گڈگورننس کی قلعی کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ 8سال میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن لوٹ مار کا اڈا بنی رہی۔ صوبائی حکومت نے ایک بار بھی انٹرنل یا ایکسٹرنل آڈٹ نہیں کروایا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔
یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا کہ ظلم اور سفاکیت کی یہ انتہا ہے کہ وہ کتابیں جو عوام کے ٹیکسوں کی کمائی سے بچوں کو مفت دینے کیلئے پرنٹ ہوئیں انہیں بازار میں بیچا گیا اور وزیراعلیٰ قوم کے سامنے دعوے کرتے رہے کہ انہوں نے تعلیم کو عام کرنے کیلئے اربوں کے فنڈز مختص کررکھے ہیں مگر وہ فنڈز کرپٹ بیوروکریسی اور حکومتی عہدیداروں کی جیبوں میں جاتے رہے۔ جب کتابیں بازراوں میں بک رہی تھیں تو اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی گورننس کہاں تھی؟ انہوں نے کہا کہ 300 جعلی بھرتیوں نے وزیراعلیٰ کے نام نہاد میرٹ اور شفافیت کے چہرے سے نقاب الٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومتی سرپرستی کے بغیر قومی دولت خوردبرد نہیں ہو سکتی۔ اس سکینڈل سے وزیراعلیٰ پنجاب کسی طور بری الذمہ نہیں ہیں۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ پی ای ایف میں کروڑوں کے فراڈ سے ثابت ہو گیا کہ شہباز حکومت شرح خواندگی میں اضافہ کے نام پر قومی دولت لوٹ رہی ہے اور آئندہ نسلوں کا مستقبل تباہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کروڑوں بچے سکول نہیں جاتے اور شہباز حکومت بچوں کو تعلیم دینے کے نام پر لوٹ مار میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں ہونے والے فراڈ کے خلاف صوبہ بھر کے کالجز میں احتجاج کریگی اور مطالبہ کرے گی کہ اس لوٹ مار میں ملوث حکومتی اور غیر حکومتی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔
تبصرہ