زندہ دلان لاہور ڈاکٹر طاہرالقادری کا فقید المثال استقبال کرینگے: حافظ غلام فرید

مورخہ: 30 مئی 2016ء

ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے میں حکمرانوں کی بزنس ایمپائر کی تفصیلات لیک کر دی تھیں
رائیونڈ محلات غریب عوام کا خون پسینہ نچوڑ کر بنائے گئے، زیادہ دیر سلامت نہیں رہ پائیں گے

لاہور (30 مئی 2016) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ زندہ دلان لاہور ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد پر ان کا فقید المثال استقبال کرینگے۔ استقبالیہ کمیٹیوں نے کام شروع کر دیا ہے، لاہور کی ہر گلی میں جا کر تخت لاہور کی ظلم و بربریت کو عوام کے سامنے رکھیں گے۔ حکمرانوں کی کرپشن کے چرچے چہار عالم پھیلے ہوئے ہیں۔ پانامہ پیپرز آج آرہے ہیں جبکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے میں پوری دنیا میں قائم حکمرانوں کی بزنس ایمپائر کی تفصیلات لیک کر دی تھیں، کرپٹ مقتدر خاندان پچھلی کئی دھائیوں سے قومی خزانہ نہ لوٹ رہا ہوتا تو آج عوام تعلیم، صحت، بجلی اور صاف پانی کو نہ ترس رہے ہوتے۔ عوام کو جان لینا ہو گا کہ ان کے مسائل اور دکھوں کا مداوا صرف ڈاکٹر طاہرالقادری ہی کر سکتے ہیں۔ وہ کوٹ خواجہ سعید میں تحریک منہاج القرآن پی پی 143 کے تحت منعقدہ ورکر کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ عوام کے تعاون سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ سازوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچا کر دم لیں گے۔ بے گناہوں کی جانیں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ 17 جون کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم حساب بنادیں گے۔ انہوں نے کہاکہ رائیونڈ کے محلات غریب عوام کا خون پسینہ نچوڑ کر بنائے گئے۔ اس لیے زیادہ دیر سلامت نہیں رہ پائیں گے۔ ورکرز کنونشن سے تحریک منہاج القرآن لاہور پی پی 143 کے صدر عامر لطف، صدر علماء کونسل سید امداد شاہ، حاجی صلاح الدین، الیاس مغل اور ثاقب گیلانی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top