ڈنمارک: منہاج ویمن لیگ کا سالانہ میلاد فیسٹیول

مورخہ: 28 مئی 2016ء

کوپن ہیگن: منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیرِاہتمام 28 مئی 2016 کو معراج النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقعہ پر عظیم الشان سالانہ میلاد فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میلاد فیسٹیول میں عالمی شہرت یافتہ نعت خوان میلاد رضا قادری اور منہاج ویمن لیگ یورپین کونسل کی جنرل سیکریٹری طاہرہ فردوس نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج سکول آف اسلامک سائنسز کی طالبہ فاطمہ زاہد حسین نے حاصل کی۔ شبانہ احمد نے حمد باری تعالٰی، رومانہ کیانی اور کوکب اپل نے نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی، جبکہ شمسہ عرفان نے نقابت کے فرائض نہایت عمدگی سے انجام دئیے۔

طاہرہ فردوس نے استقبالِ رمضان اور فضیلتِ ماہِ صیام پر نہایت دلنشین اور پُرمغز گفتگو کی۔ انہوں نے احادیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک میں رسول پاک صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معمولاتِ عبادات و ریاضت میں عام دنوں کی نسبت اضافہ ہو جاتا تھا، خشیتِ الٰہی اور محبتِ خدا اپنے عروج پر ہوتی۔ حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک سے اتنی زیادہ محبت فرمایا کرتے تھے کہ اس کے پانے کی اکثر دعا کیا کرتے اور رمضان المبارک کا اہتمام ماہِ شعبان میں ہی روزوں کی کثرت کے ساتھ فرمایا کرتے تھے۔ رمضان المبارک میں پابندی کے ساتھ سحری و افطاری کے بےشمار فوائد اور فیوضات و برکات ہیں۔ آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ سحری سراپا برکت ہے اسے ترک نہ کیا کرو۔

انہوں نے بتایا کہ نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عادت مبارکہ تھی کہ صدقہ و خیرات کثرت کے ساتھ کیا کرتے تھے، لیکن رمضان المبارک میں صدقہ و خیرات میں اتنی کثرت ہو جاتی کہ ہوا کے تیز جھونکے بھی اس کا مقابلہ نہ کر سکتے۔ طاہرہ فردوس نے رمضان المبارک میں قرآنِ پاک کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے، اس پر عمل کرنے اور دیگر اہم عبادات کرنے سمیت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کو پڑھنے اور خطابات کو سننے پر زور دیا۔

میلاد رضا قادری نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اپنی حاضری کا آغاز حمد باری تعالی سے کیا۔ انہوں نے آقا کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں اپنے خوبصورت انداز میں کئی ایک کلام پیش کیے، جنہیں سن کر حاضرین جھومتے رہے۔

اختتام پر طاہرہ فردوس نے امت مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کی ترقی اور شیخ الاسلام کی صحتیابی کے لیے دعا کرائی۔ میلاد فیسٹیول میں کھانے پینے، کپڑے، جیولری اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کے اسٹالز خواتین کی توجہ کا مرکز رہے۔

رپورٹ: شبانہ احمد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top